مسلسل 8 کاروباری سیشنز کی مندی کے بعد اسٹاک ایکسچینج میں ایک بار پھر تیزی

ویب ڈیسک  پير 19 اگست 2019
ایک دن میں 100 انڈیکس میں2.7 فیصد کا اضافہ دیکھنے میں آیا۔  فوٹو: فائل

ایک دن میں 100 انڈیکس میں2.7 فیصد کا اضافہ دیکھنے میں آیا۔ فوٹو: فائل

کراچی: کاروباری ہفتے کے پہلے روز پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں تیزی کا رجحان رہا اور ہنڈرڈ انڈیکس نے 29 ہزار کی نفسیاتی حد عبور کرلی۔

ایکسپریس نیوزکے مطابق کاروباری ہفتے کے پہلے روز ڈالر کی قدر میں مزید کمی ہوگئی اور اوپن مارکیٹ میں ڈالرکی قدرمیں 50 پیسےکی کمی ریکارڈ کی گئی، اور اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر 159 روپے 40 پیسے سے کم ہو کر 158 روپے 90 پیسے کی سطح پربندہوا، اسی طرح انٹر بینک میں ڈالر34 پیسے سستا ہوگیا اور ڈالر 158 روپے 95 پیسے سے کم ہو کر 158 روپے 61 پیسے پر بند ہوا۔

دوسری جانب پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں مسلسل 8 کاروباری سیشنزکی مندی کے بعد تیزی کے ساتھ کاروبارکا اختتام ہوا، تیزی کے باعث 100 انڈیکس نے 29 ہزار کی نفسیاتی حد عبور کرلی اور ایک دن میں 100 انڈیکس میں2.7 فیصد کا اضافہ دیکھنے میں آیا، 100 انڈیکس میں 797 پوائنٹس کا اضافہ ہوا اور 100 انڈیکس 29 ہزار 562 کی سطح پر بند ہوا، جب کہ  جمعہ کے روزمارکیٹ 664 پوائنٹس کی کمی سے 28 ہزار764 پوائنٹس پربند ہوئی تھی۔

ماہرین معیشت کا کہنا ہےکہ پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں بے یقینی کیفیت کے باعث مندی تھی اب افواہیں دم توڑ رہی ہیں اور مارکیٹ بحالی کی جانب گامزن ہے، اسٹاک مارکیٹ سنبھلنے لگی ہے آئندہ دنوں میں مزید تیزی کا امکان دیکھا جارہا ہے۔

ماہرین نے کہا کہ پاک بھارت کشیدگی میں کمی، چیئرمین ایس ای سی پی اور چیئرمین پالیسی بورڈ کی تبدیلی سے بھی مارکیٹ میں تیزی آئی ہے جب کہ عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمت مستحکم ہونے سے بھی اسٹاک مارکیٹ میں تیزی دیکھی جارہی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔