کشمیر کی صورتحال پر وفاقی کابینہ کا اجلاس طلب

ویب ڈیسک  پير 19 اگست 2019
وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کشمیر سے متعلق پیش رفت پر بریفنگ دیں گے۔  فوٹو: فائل

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کشمیر سے متعلق پیش رفت پر بریفنگ دیں گے۔ فوٹو: فائل

 اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے مقبوضہ کشمیر اور پاک بھارت سرحد کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لینے اور دیگر معاملات پر کل وفاقی کابینہ کا اجلاس طلب کرلیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ کا اجلاس کل طلب کرلیا جس میں کشمیر کی صورتحال اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس پر غور کیا جائے گا، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کشمیر سے متعلق پیشرفت اور وزارت مواصلات مراد سعید ایک سال کی کارکردگی پرکابینہ کو بریفنگ دیں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں مقبوضہ کشمیر اور پاک بھارت سرحد کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا جب کہ وزیر اعظم کشمیر سے متعلق عالمی رہنماؤں سے روابط پر کابینہ کو اعتماد میں لیں گے۔

کابینہ اجلاس کے ایجنڈے میں ہے کہ وفاقی کابینہ اقتصادی رابطہ کمیٹی، کمیٹی برائے نجکاری اور سرمایہ کاری کمیٹی کے فیصلوں کی توثیق کرے گی، کابینہ اراکین عوامی مفادات کے اقدامات سے متعلق تجاویز پیش کریں گے، گھریلو تشدد سے بچاؤ اور تحفظ کا بل 2019ء، کرسچن شادی اور طلاق ایکٹ 2019ء منظوری کے لیے کابینہ اجلاس میں پیش کیا جائے گا۔

اجلاس میں سستے گھروں کی تعمیر کے لیے سود سے پاک قرضوں کے لیے 5 ارب مختص کرنے کی منظوری دی جائے گی جب کہ پاک ترک اسٹریٹجک اقتصادی فریم ورک کی منظوری اور عوامی فلاحی منصوبے سے متعلق تجاویز بھی کابینہ کے ایجنڈے میں شامل ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔