سپریم کورٹ کا کوئلے کی غیر محفوظ ترسیل پر حکام کو نوٹس

کورٹ رپورٹر  منگل 20 اگست 2019
پورٹ قاسم سے کھلی گاڑیوں کے ذریعے کوئلہ آگے بھیجا جا رہا ہے، درخواست گزار فوٹو: فائل

پورٹ قاسم سے کھلی گاڑیوں کے ذریعے کوئلہ آگے بھیجا جا رہا ہے، درخواست گزار فوٹو: فائل

کراچی:  سپریم کورٹ نے بندرگاہ سے کوئلے کی غیر محفوظ منتقلی اور ماحولیاتی آلودگی سے متعلق چیئرمین پورٹ قاسم کے خلاف توہین عدالت کی درخواست پر سیکریٹری لوکل گورنمنٹ، پاکستان ریلوے، صوبائی محکمہ ماحولیات اور دیگر کو بھی نوٹس جاری کردیے۔

سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں جسٹس فیصل عرب اور جسٹس سجاد علی شاہ پر مشتمل 2 رکنی بینچ کے روبرو بندر گاہ سے کوئلے کی غیر محفوظ منتقلی اور ماحولیاتی آلودگی سے متعلق چیئرمین پورٹ قاسم کے خلاف توہین عدالت کی درخواست کی سماعت ہوئی۔

درخواست گزار کے وکیل نے موقف دیاکہ ماحولیاتی آلودگی کراچی شہر کے لیے بہت بڑا سنگین مسئلہ ہے۔ سابق چیف جسٹس ثاقب نثار نے پورٹ انتظامیہ کو کوئلہ محفوظ طریقے سے رکھنے کی ہدایت کی۔ عدالتی احکام کے باوجود پورٹ قاسم پر کوئلہ کھلے آسمان تلے پڑا ہے۔ کوئلے کی غیر محفوظ طریقے سے ترسیل سے شہر میں خطرناک بیماریاں جنم لے رہی ہیں۔

جسٹس سجاد علی شاہ نے ریمارکس دیے کہ ہم نے پابند کیا تھا مقررہ حد سے زیادہ کوئلہ ٹرمینل پر نہ رکھیں۔ ہم شہری انتظامیہ کو بھی بلا کر پوچھیں گے کہ انھوں نے کیا انتظامات کیے ہیں؟ ۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔