کراچی میں مبینہ چور کے قتل کا الزام، مزید 2افراد گرفتار

اسٹاف رپورٹر / کورٹ رپورٹر  منگل 20 اگست 2019
 انصاف دلایا جائے، مقتول کے لواحقین عدالت پہنچ گئے، مقدمے میں دفعہ 302 بھی شامل۔ فوٹو: فائل

انصاف دلایا جائے، مقتول کے لواحقین عدالت پہنچ گئے، مقدمے میں دفعہ 302 بھی شامل۔ فوٹو: فائل

کراچی:  بہادرآباد انویسٹی گیشن پولیس نے کم عمر مبینہ چور پر تشدد کے الزام میں کوکن کالونی میں چھاپہ مار کر مزید 2ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

بہادر آباد انویسٹی گیشن پولیس نے ہفتے کو چوری کے الزام میں پکڑے جانے والے کمسن ریحان کی ہلاکت میں ملوث مزید 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ، انویسٹی گیشن پولیس کے مطابق گرفتارملزمان میں انس نذیر اور شاہ رخ شامل ہیں، گرفتار ملزمان کی تعداد 5 ہوگئی ، تینوں ملزمان کو پہلے سے گرفتار ملزمان کی نشاندہی اور واقعے والے روز مبینہ چور پر تشدد کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں شناخت کرنے کے بعد کوکن کالونی سے گرفتار کیا گیا۔

مبینہ ملزم ریحان کو تشدد کے ذریعے قتل کرکے قانون کو ہاتھ میں لینے والے مزید ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔دریں اثنا 15 سالہ ریحان قتل کیس میں مقتول کے لواحیقن عدالت پہنچ گئے۔ بچے کی والدہ بے ہوش ہوگئیں۔

مبینہ چور ریحان کے اہلخانہ کراچی سٹی کورٹ پہنچے جہان ان کا کہنا تھا کہ پولیس تعاون نہیں کررہی بلکہ ہمیں ڈرا دھمکا رہی ہے۔ ملزمان کو پروٹوکول دیا جارہا ہے۔ بہادر آباد اور فیروز آباد تھانے کے چکر لگوائے جارہے ہیں۔ پولیس انصاف کے بجائے ہمیں دھکے دے رہی ہے۔ ہمیں انصاف دلایا جائے۔ بچے کی والدہ شدت غم سے بے ہوش گئی بعد ازاں بچے کے لواحقین سندھ ہائیکورٹ بھی پہنچے۔

علاوہ ازیں بہادر آباد کوکن کالونی میں تشدد سے ہلاک ہونے والے مبینہ نوعمر چور کے قتل کے مقدمے میں انویسٹی گیشن پولیس نے قتل کی دفعہ 302 کو شامل کرلیا جبکہ مقتول کے اہلخانہ نے بہادر آباد تھانے کے باہر احتجاج بھی کیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔