لاؤس میں چینی سیاحوں کی بس کو حادثہ، 13 ہلاک

ویب ڈیسک  منگل 20 اگست 2019
تیز رفتار بس بریک فیل ہونے کے باعث پھسل کر درختوں  سے جا ٹکرائی۔ فوٹو : چینی میڈیا

تیز رفتار بس بریک فیل ہونے کے باعث پھسل کر درختوں سے جا ٹکرائی۔ فوٹو : چینی میڈیا

لاؤس: دارالحکومت ویژن تیان میں چینی سیاحوں کی بس حادثے کا شکار ہوگئی جس کے نتیجے میں 13 سیاح ہلاک اور 31 زخمی ہوگئے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق لاؤس میں 41 چینی سیاحوں کو دارالحکومت ویژین تیان سے شمالی سیاحتی قصبے لوآنگ پرابانگ لے جانے والی بس بریک فیل ہوجانے کے باعث حادثے کا شکار ہوگئی جس کے نتیجے میں 13 سیاح ہلاک اور 31 زخمی ہوگئے۔

چین کی پیپلز لبریش آرمی کے ایک ریسکیو ہیلی کاپٹر اے زیڈ-8 جی نے بھی امدادی کاموں میں حصہ لیا اور دشوار گزار علاقے میں حادثے کے شکار افراد کو اسپتال منتقل کیا جب کہ مقامی ریسکیو اداروں نے بس میں پھنسے ہوئے مسافروں کی لاشوں اور زخمیوں کو نکالا۔

اسپتال میں زخمی چینی سیاحوں کو تمام تر طبی امداد فراہم کرنے کو یقینی بنانے کے لیے چین کے سفارت خانے کا عملہ بھی موجود ہے، زخمیوں میں سے 2 کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے جنہیں چین منتقل کیے جانے کا امکان ہے۔

واضح رہے کہ ہر سال لاکھوں چینی باشندے ویتنام، لاؤس اور دیگر جنوب مشرقی ایشیائی ممالک کی سیاحت کو آتے ہیں تاہم ان علاقوں میں حفاظتی اقدامات کے فقدان اور طبی سہولیات کے ناقص انتظامات کے باعث حادثات اور اموات میں اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔