متحدہ عرب امارات مودی کو ایوارڈ دینے کا فیصلہ واپس لے، برطانوی رکن اسمبلی

ویب ڈیسک  منگل 20 اگست 2019
کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے مودی کو ایوارڈ سے دینے کی تقریب منسوخ کی جائے۔ ناز شاہ فوٹو : فائل

کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے مودی کو ایوارڈ سے دینے کی تقریب منسوخ کی جائے۔ ناز شاہ فوٹو : فائل

 لندن: برطانوی رکن پارلیمنٹ ناز شاہ نے ولی عہد محمد بن زاید سے انسانیت سوز مظالم میں ملوث بھارتی وزیراعظم مودی کو متحدہ عرب امارات کا سب سے بڑا سویلین اعزاز دینے کے فیصلے کو واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

برطانوی پارلیمنٹ کی رکن ناز شاہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنا خط شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ولی عہد محمد بن زاید انسانیت کے دشمن مودی کو اعزاز سے نوازنے کا فیصلہ واپس لیں۔

ناز شاہ نے اپنے خط میں لکھا کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی گجرات میں مسلمانوں کے قتل عام میں ملوث رہے ہیں اور اب انہوں نے کشمیر میں بھی اپنے جارحانہ اقدام سے انسانی حقوق کی پامالی کرتے ہوئے جینے کا حق چھین لیا ہے۔

معزز رکن اسمبلی نے لکھا کہ متحدہ عرب امارات کا سب سے بڑا سویلین ایوارڈ آپ کے والد شیخ زاید کے نام سے منسوب ہے جو کچلے ہوئے محکوم لوگوں کی داد رسی کیا کرتے تھے ایسے شخص کے نام سے موسوم ایوارڈ ایک قاتل کو دینا درست نہیں۔

ناز شاہ نے ولی عہد کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ مقبوضہ کشمیر کے مظلوم رہائشی میرے اور آپ کے ہم مذہب ہیں لیکن اس  سے بھی بڑھ کر انسانیت کے رشتے سے بھی ہمیں ان مظلوموں کے ساتھ ظلم اور جارحیت کے خلاف کھڑا ہونا چاہیے۔

برطانوی رکن نے مزید لکھا کہ کسی قسم کا معاہدہ یا کسی اور وجہ سے کشمیر میں مظالم کے خلاف آواز اُٹھانے میں رکاوٹ بن رہی ہے تو کم از کم مظلوموں کے ساتھ یکجہتی کے لیے اس تقریب کو ہی معطل کردیا جائے۔

واضح رہے کہ وزیراعظم نریندر مودی رواں ماہ کی 23 تاریخ کو دو روزہ دورے پر متحدہ عرب امارات پہنچیں گے اور اس دوران ولی عہد محمد بن زاید بھارتی وزیراعظم کو یو اے ای کے سب سے بڑے سویلین اعزاز ’ زاید میڈل‘ سے نوازیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔