ڈیوس کپ: انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن کا بھارت سے بات کرنے سے پھر انکار

زبیر نذیر خان  بدھ 21 اگست 2019
گروپ ون سے ٹو میں چلے جانے کے باعث بھارت عالمی گروپ کوالیفائر میں بھی شرکت نہ کرسکے گا (فوٹو: انٹرنیٹ)

گروپ ون سے ٹو میں چلے جانے کے باعث بھارت عالمی گروپ کوالیفائر میں بھی شرکت نہ کرسکے گا (فوٹو: انٹرنیٹ)

 کراچی: انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن نے ڈیوس کپ کے معاملے پر بھارت سے بات کرنے سے ایک بار پھر انکار کردیا، اب پاکستان میں نہ کھیلنے پر بھارت کو خمیازہ بھگتنا پڑے گا اس پر تنزلی کے ساتھ جرمانہ بھی عائد ہوسکتا ہے۔

ذرائع کے مطابق آئی ٹی ایف نے 14 اور 15 ستمبر کو اسلام آباد میں شیڈول ڈیوس کپ کی ایشیا اوشیانا زون ٹائی کے لیے آل انڈیا ٹینس ایسوسی ایشن کے سی ای او مہیش بھوپاتی اور سیکریٹری جنرل ہیران موئے چیٹر جی سے اپنے سیکیورٹی کنسلٹنس سے ٹیلی فونک رابطے سے ایک بارپھر معذرت کرلی۔

آئی ٹی ایف کا موقف ہے کہ پاکستان میں سیکیورٹی کے حوالے سے اس کا فیصلہ بدستور اٹل ہے جبکہ مقابلوں کی نیوٹرل مقام پر منتقلی کی بھارتی خواہش بھی درست نہیں، بھارت نے آئی ٹی ایف کے سخت موقف پر دفاعی حکمت عملی اپناتے ہوئے ڈیوس کپ کے مقابلے نومبر اور دسمبر تک ملتوی کرنے کی بھی تجویز دی ہے۔

آئی ٹی ایف نے پہلی بار جمعہ کو اپنے سیکیورٹی کنسلٹنٹس سے بھارتی عہدے داروں کے ٹیلی فونک رابطے سے معذرت کی تھی، اگر بھارت نے پاکستان آکر کھیلنے سے انکار کیا تو اسے قواعد کے مطابق آئی ٹی ایف کو تمام مالی اخراجات ادا کرنے ہوں گے جبکہ عالمی فیڈریشن بھارت پر جرمانہ عائد کرنے کے ساتھ بھارتی ٹیم کی تنزلی بھی کر دے گی۔

اس طرح گروپ ون سے ٹو میں چلے جانے کے باعث بھارت عالمی گروپ کوالیفائر میں بھی شرکت نہ کرسکے گا جبکہ پاکستان واک اوور ملنے کی صورت میں اگلے ماہ ورلڈ گروپ پلے آف میں کھیلنے کا حق دار بن جائے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔