نیا آئین؛ وزیراعظم چیئرمین پی سی بی کو برطرف نہیں کرسکیں گے

عباس رضا / اسپورٹس رپورٹر  بدھ 21 اگست 2019

تازہ ترین خبروں اور تجزیوں کیلئے سبسکرائب کریں

 لاہور: نئے آئین کا نوٹیفکیشن پی سی بی کو موصول ہوگیا، وزیر اعظم کا چیئرمین بورڈکی برطرفی اور گورننگ بورڈ تحلیل کرنے کا اختیار ختم کردیا گیا۔

چند روز قبل وفاقی کابینہ نے پی سی بی کے انتظامی اور ڈومیسٹک کرکٹ اسٹرکچر میں تبدیلیوں کی منظوری دیدی تھی،گذشتہ روز نئے آئین کا نوٹیفکیشن بھی بورڈ کو موصول ہوگیا۔

ذرائع کے مطابق چیئرمین پی سی بی کی برطرفی اور گورننگ بورڈ تحلیل کرنے کے حوالے سے وزیراعظم کے اختیارات ختم کردیے گئے ہیں، 2014کے آئین میں وزیراعظم بطور پیٹرن انچیف بورڈ کے سربراہ کو ہٹانے کا اختیار رکھتے تھے، نئے آئین کے تحت وہ بورڈ کی پالیسی کے حوالے سے رہنمائی کرسکیں گے، چیئرمین پی سی بی نئے آئین کے تحت بورڈ آف گورنرز کو جوابدہ ہوں گے۔

دوسری جانب پی سی بی کے نئے انتظامی ڈھانچے میں چیف ایگزیکٹیو متعارف کرائے جانے کے باوجود چیف آپریٹنگ آفیسر کا عہدہ ختم نہیں کیا گیا۔

نمائندہ ’’ایکسپریس‘‘ کے پاس موجود آئین کی کاپی میں مندرجات کے مطابق انتظامی اسٹرکچر میں چیف آپریٹنگ آفیسر کا عہدہ موجود لیکن حیثیت رسمی رہ گئی ہے،وسیم خان بطورچیف ایگزیکٹیو وسیع تر اختیارات کے مالک ہوں گے،ماضی میں پی سی بی کے طاقتور ترین عہدیداروں میں شامل سی او او سبحان احمد سے جہاں ضرورت ہو معاونت کا کام لیا جائے گا، وہ وسیم خان کی جانب سے کیے گئے فیصلوں پر عمل درآمد کرانے کے ذمہ دار ہوں گے۔

اس سے قبل اطلاعات تھیں کہ وسیم خان کو چیف ایگزیکٹیو کے اختیارات ملنے پر شاید سبحان احمد کی چھٹی کر دی جائے، ان کا عہدہ تو بچ گیا لیکن اختیارات نہ ہونے کے برابر رہ گئے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔