جولائی میں کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ 73 فیصد کم ہوگیا

سلمان صدیقی  بدھ 21 اگست 2019
 بیل آؤٹ پیکیج کے بعد سخت اقدامات سے خسارہ کم کرنے میں مدد ملی، سمیع اﷲ طارق

 بیل آؤٹ پیکیج کے بعد سخت اقدامات سے خسارہ کم کرنے میں مدد ملی، سمیع اﷲ طارق

کراچی:  رواں مالی سال کے ابتدائی ماہ (  جولائی )  میں کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ 73 فیصد کی نمایاں کمی سے 579  ملین ڈالر رہا ہے۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی گذشتہ روز ( منگل کو) جاری کردہ رپورٹ کے مطابق گذشتہ مالی سال کے اسی ماہ میں کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ 2.13 ارب ڈالر تھا۔ واضح رہے کہ رواں برس ہی حکومت نے آئی ایم ایف سے 6 ارب ڈالر کا بیل آؤٹ پیکیج لیا ہے اوراس کے بدلے عالمی مالیاتی فنڈ کی شرائط کے تحت سخت اقتصادی اقدام کیے ہیں۔

عارف حبیب ہیڈ آف ریسرچ سمیع اللہ طارق نے ایکسپریس ٹربیون سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ کرنٹ اکاؤنٹ میں نمایاں کمی کی وجہ درآمدات میں 26 فیصد کمی اور برآمدات میں 11 فیصد اضافہ ہے۔ درآمدات میں کمی اور برآمدات میں اضافے میں آئی ایم ایف کی شرائط کے تحت کیے گئے سخت اقدام بھی جزوی طور پر حصے دار ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔