کوآپریٹو سوسائٹیوں سے متعلق شکایتی سیل قائم کرنے کا فیصلہ

اسٹاف رپورٹر  بدھ 21 اگست 2019
صنعتکاروں کے مسائل کے حل کیلیے اجلاس بلاؤں گا، صنعتکاروں کے مسائل ترجیحی بنیاد پر حل کیے جائیں گئے، وزیر صنعت و تجارت۔ فوٹو: فائل

صنعتکاروں کے مسائل کے حل کیلیے اجلاس بلاؤں گا، صنعتکاروں کے مسائل ترجیحی بنیاد پر حل کیے جائیں گئے، وزیر صنعت و تجارت۔ فوٹو: فائل

کراچی: صوبائی وزیر برائے صنعت وتجارت اور امداد باہمی جام اکرام اللہ دھاریجو نے کہا ہے کہ کوآپریٹو سوسائٹیوں سے متعلق شکایات کے ازالے کے لیے شکایتی سیل قائم کیا جائے گا جس کا مقصد شہریوں کو ریلیف فراہم کرنا ہے،

جام اکرام اللہ دھاریجو نے اپنے دفتر میں مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کوآپریٹو سوسائٹیوں سے متعلق شکایات کے ازالے کے لیے شکایتی سیل قائم کیا جائے گا۔ انھوں نے کہا کہ عمومی طور پر کوآپریٹو سوسائٹیوں سے متعلق شکایات ملتی ہیں جن کا بروقت ازالہ کیا جانا ضروری ہے۔

صوبائی وزیر جام اکرام اللہ دھاریجو نے مزید کہا کہ وقت آگیا ہے کہ ان معاملات کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے تاکہ عوام کو حکومت سندھ کی جانب سے کیے جانے والے مثبت اقدامات سے ریلیف مل سکے۔

انھوں نے کہا کہ میں جلد ہی دفاتر کا اچانک دورہ کرکے فرائض میں غفلت برتنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کروں گا، صنعت کاروں کے مسائل کے حل کے لیے جلد ان کے ساتھ اجلاس رکھا جائے گا اور ان کی کوشش ہوگی کہ صنعت کاروں کے مسائل ترجیحی بنیاد پر حل کیے جائیں۔

جام اکرام اللہ دھاریجو نے کہا کہ صوبے میں صنعتوں کے فروغ سے نہ صرف روزگار کے مواقع میسر آئیں گے بلکہ غربت کے خاتمے میں بھی مدد ملے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔