جہازوں کو پرندوں سے بچانے کیلیے جدید برقی نظام لگانے کا فیصلہ

اسٹاف رپورٹر  بدھ 21 اگست 2019
ایئرپورٹس کے اطراف کی آبادیوں میں گندگی کے باعث پرندوں کی آمدورفت میں اضافہ۔ فوٹو: فائل

ایئرپورٹس کے اطراف کی آبادیوں میں گندگی کے باعث پرندوں کی آمدورفت میں اضافہ۔ فوٹو: فائل

کراچی:  سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ملک کے بڑے ہوائی اڈوں پر پرندوں سے جہازوں کو بچانے کیلیے جدید خودکار برقی نظام نصب کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

کراچی، لاہور، ملتان، فیصل آباد اور اسلام آباد ایئرپورٹ پر جدید خودکار نظام نصب کیے جائیں گے جس کے حوالیسے ڈائریکٹر جنرل سول ایوی ایشن شاہ رخ نصرت نے احکامات جاری کردیے۔

ذرائع کے مطابق کراچی اور لاہور ایئرپورٹ کے اطراف کی آبادیوں میں گندگی کے باعث پروندوں کی آمدورفت میں مسلسل اضافہ دیکھا جارہا ہے جو جہازوں اور فضائی سفرکے لیے مسلسل خطرے کا باعث بن رہے ہیں،اور اسی سبب ان ہوائی اڈوں پر جہازوں سے پرندے ٹکرانے کے واقعات میں بھی اضافہ ہورہا ہے۔

ڈی جی سی اے اے نے ڈپٹی ڈی جی کو ہدایات جاری کی ہیں کہ ہنگامی بنیادوں پر ایئر پورٹس پر جدید برقی نظام کو لگانے کے لیے اقدمامت کیے جائیں۔

ذرائع کے مطابق رواں سال عید الاضحی پر ایئرپورٹس کے اطراف میں کچرے کے ڈھیر کی وجہ سے پرندوں کی بہتات دیکھی گئی،جو مسلسل پرندوں کی آماجگاہ بن رہے ہیں اور اسی وجہ سے جہازوں کو ان پرندوں سے خطرات لاحق ہورہے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔