نتھیا گلی میں اسپیکر ہاؤس سمیت سرکاری عمارتوں پر گندگی پھیلانے پر جرمانہ عائد

ویب ڈیسک / احتشام بشیر  بدھ 21 اگست 2019
گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے گند پھینکنے پر اسپیکر ہاؤس سمیت 9 سرکاری عمارتوں کو جرمانہ کردیا  فوٹوفائل

گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے گند پھینکنے پر اسپیکر ہاؤس سمیت 9 سرکاری عمارتوں کو جرمانہ کردیا فوٹوفائل

پشاور: خیبرپختونخوا کے سیاحتی مقام نتھیا گلی میں سرکاری عمارتوں کو گندگی پھیلانے کا ذمہ دار قراردیتے ہوئے ان پر جرمانہ عائد کردیا گیا۔

محکمہ سیاحت کی جانب سے جاری ہونے والی رپورٹ کےگزشتہ دو مہینوں کے دوران گندگی پھیلانے پر ہوٹل، ریسٹورنٹ، سرکاری عمارتوں اور سیاحوں سے 8 لاکھ روپے جرمانے وصول کیے گئے۔ جب کہ 6 سرکاری عمارتوں کے خلاف کارروائی کرکے 90 ہزار روپے جرمانہ وصول کیا گیا۔

علاقے میں گندگی پھیلانے والوں میں اسپیکر ہاؤس بھی شامل ہے جبکہ دیگر سرکاری عمارتوں میں سی اینڈ ڈبلیو آفس، خیبرپختونخوا ہائی وے اتھارٹی، وائلڈ لائف، فارسٹ اور ایف ڈبلیو شامل ہیں۔ گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے گند پھینکنے پر اسپیکر ہاؤس سمیت 9 سرکاری عمارتوں کو جرمانہ کیاہے۔

28ہوٹل مالکان کے خلاف گندگی پھیلانے پر کارروائی کرکے ایک لاکھ 25 ہزار روپے جرمانے وصول کیے گئے،  جب کہ 21  ریسٹورنٹس سے ایک لاکھ 20 ہزار، 43 کیبین مالکان کے خلاف کارروائی کرکے ایک لاکھ 29 ہزار روپے 9 رہائشی گھروں سے 90 ہزار روپےاور گندگی پھیلانے پر سیاحوں کے خلاف کارروائی کرکے ایک لاکھ 13 ہزار روپے جرمانے وصول کئے گئے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔