کشمیریوں کی حمایت پر سابق بھارتی وزیر داخلہ کیخلاف مودی سرکار کی انتقامی کارروائی

ویب ڈیسک  بدھ 21 اگست 2019
عدالت نے چدم برم کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست مسترد کردی۔ فوٹو : فائل

عدالت نے چدم برم کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست مسترد کردی۔ فوٹو : فائل

نئی دلی: مودی سرکار کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے کیخلاف سب سے توانا آواز بلند کرنے والے سابق وزیر داخلہ چدم برم کے گرد بھارتی ایجنسیوں نے گھیرا تنگ کردیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق مختلف مقدمات کی تفتیش کے لیے سی بی آئی نے سابق وزیر داخلہ چدم برم کے گھر چھاپہ مارا اور  پورے گھر کی تلاشی لی، اہلکاروں نے چدم برم اور ان کے صاحبزادے سے پوچھ گچھ بھی کی۔

سی بی آئی بی نے چدم برم کیخلاف تفتیش کا آغاز ان کی راجیہ سبھا میں کی گئی تقریر کے بعد کیا جس میں چدم برم نے بھارتی آئین کے آرٹیکل 370 کی منسوخی کو تاریخی غلطی قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ آنے والی نسلیں اس غلطی کو محسوس کریں گی جو آج پارلیمان میں کی گئی ہے۔

بھارتی ایجنسیوں کے ناروا سلوک کے شکار سابق وزیر داخلہ اور اپوزیشن جماعت کے اہم رہنما چدم برم نے بھارتی عدالت سے رجوع کیا اور ضمانت قبل از گرفتارکی درخواست دی  تاہم حیران کن طور پر عدالت نے استدعا مسترد کردی۔

ضمانت نامنظور ہونے کے بعد سے چدم برم عوامی مقام پر نہیں دیکھے گئے ہیں جب کہ ان کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ چدم برم تفتیش کا سامنا کرنے کو تیار ہیں اور ملک سے باہر جانے کا ارادہ نہیں رکھتے اس لیے ضمانت قبل از گرفتاری دی جائے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔