مقبوضہ کشمیر میں مسلمانوں کی حالت زار پر سخت تشویش ہے، آیت اللہ خامنہ ای

ویب ڈیسک  بدھ 21 اگست 2019
بھارت مسلمانوں سے متعلق شفاف پالیسی وضع کرے، خامنہ ای (فوٹو : فائل)

بھارت مسلمانوں سے متعلق شفاف پالیسی وضع کرے، خامنہ ای (فوٹو : فائل)

تہران: ایران کے روحانی پیشوا آیت اللہ خامنہ ای نے بھارت کومتنبہ کیا ہے کہ خطے میں مسلمانوں کو دبانے کی کوششوں کو ترک کرے اور مسلمانوں سے متعلق شفاف پالیسی وضع کرے۔

ایران کے سرکاری ٹی وی کے مطابق سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے صدر حسن روحانی اور دیگر کابینہ ارکان کے ساتھ اہم ملاقات میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی اقدام سے پیدا ہونے والی کشیدہ صورت حال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بھارتی حکومت کو مقبوضہ کشمیر میں مظلوم اور نہتے عوام کیخلاف جارحانہ پالیسی بدلنے کا مطالبہ کیا۔

ایران کے سپریم لیڈر نے مزید کہا کہ بھارت کے ساتھ بہتر تعلقات قائم ہیں تاہم ایران مقبوضہ کشمیر میں مسلمانوں کیلئے فکر مند ہے اور بھارت سے معصوم شہریوں کو ان کو آئین میں حاصل حقوق کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے بات کریں گے۔ مسئلہ کشمیر دراصل برطانیہ کی جانب سے انخلاء کے وقت جان بوجھ کر چھوڑا گیا تاکہ خطے میں اتحاد و اتفاق پنپنے نہ پائے۔

یہ خبر بھی پڑھیں: مقبوضہ کشمیر میں کرفیو کا 17واں دن؛ سرچ آپریشن کی آڑ میں مزید ایک کشمیری شہید

واضح رہے کہ مودی سرکار نے 5 اگست کو مقبوضہ کشمیر کو آئین میں حاصل خصوصی حیثیت کو ختم کرکے مسلسل 17 دن سے کرفیو نافذ کر رکھا ہے جہاں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کی جا رہی ہیں اور اب غذائی قلت کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔