سفاک مودی سرکار تمام انسانی و بین الاقوامی قوانین روند رہی ہے، وزیراعظم

ویب ڈیسک  بدھ 21 اگست 2019
مودی سرکار کشمیریوں کو نشانہ ستم بنانے کی تیاریوں میں ہے، عمران خان، فوٹوفائل

مودی سرکار کشمیریوں کو نشانہ ستم بنانے کی تیاریوں میں ہے، عمران خان، فوٹوفائل

 اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ سفاک مودی سرکار تمام انسانی و بین الاقوامی قوانین و ضوابط روند رہی ہے اور کشمیریوں کو نشانہ ستم بنانے کی تیاریوں میں ہے۔ 

ایکسپریس نیوزکے مطابق تحریک انصاف نے مقبوضہ کشمیر پر بھارتی قبضے اور اہل کشمیر پر ظلم کے خلاف آواز اٹھانے اور بھارتی وزیراعظم نریندرا مودی کو عالمی سطح پر ٹف ٹائم دینے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

تحریک انصاف کے سیکرٹری او آئی سی ڈاکٹر عبداللہ ریاڑ نے وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کی، ملاقات میں کشمیر کی صورتحال پر بیرون ملک پاکستانیوں کے تاثرات اور حکومتی اقدامات پر بات چیت کی گئی اور فیصلہ کیا گیا کہ نریندرا مودی کی امریکا آمد کے موقع پر شدید احتجاج کیا جائے گا۔

اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ سفاک مودی سرکار تمام انسانی و بین الاقوامی قوانین و ضوابط روند رہی ہے اور کشمیریوں کو نشانہ ستم بنانے کی تیاریوں میں ہے، سلامتی کونسل کی قراردادوں اور دو طرفہ معاہدوں کی موجودگی میں بھارت سرکار کے پاس کشمیر پر غاصبانہ قبضے کا کوئی جواز موجود نہیں، میں بطور سفیر مقبوضہ کشمیر کے عوام کی آواز دنیا کے ہر فورم پر اٹھاؤں گا۔

وزیراعظم نے ہدایت جاری کی کہ تحریک انصاف نیویارک میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی بربریت کے خلاف کمیونٹی اور انسانی حقوق کی تنظیموں کو متحرک کرے اور جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر بھارتی وزیراعظم کے خلاف بھرپور احتجاج کی تیاریاں کرے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔