مائیک ہیسن پاکستان ٹیم کا ہیڈ کوچ بننے کی دوڑ سے باہر

اسپورٹس رپورٹر  جمعرات 22 اگست 2019
کیویز کیلیے6سال خدمات سرانجام دینے والے آفیشل نے درخواست تک نہیں دی
 فوٹو: فائل

کیویز کیلیے6سال خدمات سرانجام دینے والے آفیشل نے درخواست تک نہیں دی فوٹو: فائل

 لاہور:  مائیک ہیسن پاکستان ٹیم کا ہیڈ کوچ بننے کی دوڑ سے باہر ہوگئے۔

مائیک ہیسن نے مسلسل 6سال تک نیوزی لینڈ کی کوچنگ کرتے ہوئے نام کمایا،بعد ازاں گذشتہ سیزن میں آئی پی ایل کی فرنچائز کنگز الیون پنجاب کیلیے کام کیا،ٹیم مسلسل ناکامیوں سے دوچار ہوئی اور چھٹے نمبر پر رہی۔

انھوں نے گزشتہ دنوں بھارتی ٹیم کے ساتھ وابستہ ہونے کیلیے درخواست جمع کرائی،بی سی سی آئی نے ان کو شارٹ لسٹ ضرور کیا لیکن بالآخر روی شاستری کا انتخاب کرلیا، بنگلہ دیش نے جنوبی افریقہ سے تعلق رکھنے والے رسل ڈومینگو کو ہیڈ کوچ کی ذمہ داری سونپ دی۔

نیوزی لینڈ میڈیا میں سامنے آنے والی اطلاعات کے مطابق مائیک ہیسن نے پاکستان اور بنگلہ دیش کی جانب سے رابطہ کیے جانے کے باوجود درخواست جمع نہیں کرائی، موجودہ صورتحال میں مصباح الحق کیلیے پاکستان ٹیم کا ہیڈ کوچ بننے کی راہ ہموار ہوگئی ہے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی کوچنگ کرتے ہوئے ٹیم کو2 بار پی ایس ایل چیمپئن بنوانے میں کردار ادا کرنے والے ڈین جونز اپنی درخواست جمع کرا چکے لیکن ان کی خدمات حاصل کیے جانے کا زیادہ امکان نہیں۔

سابق آسٹریلوی کرکٹر ٹام موڈی کو زیر غور لایا جاسکتا ہے لیکن پی سی بی کیلیے غیر ملکی کوچ کے معاوضے کا مطالبہ پورا کرنا آسان نہیں ہوگا،اگرچہ مصباح الحق نے ابھی تک درخواست جمع نہیں کرائی تاہم ان کو ہیڈ کوچ کا عہدہ سنبھالنے کیلیے مضبوط امیدوار خیال کیا جارہا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔