شہباز شریف میری پارٹی کے آدمی ہیں لیکن پھنس گئے ہیں، شیخ رشید

ویب ڈیسک  جمعرات 22 اگست 2019
شہباز شریف نہ ہی اپنے خون اور نہ ہی سیاست کو بچاسکیں گے، وزیر ریلوے فوٹو:فائل

شہباز شریف نہ ہی اپنے خون اور نہ ہی سیاست کو بچاسکیں گے، وزیر ریلوے فوٹو:فائل

 لاہور: وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ مریم نواز نے سارے خاندان کی سیاست کو تباہ و برباد کردیا اور شہباز شریف میری پارٹی کے آدمی ہیں لیکن پھنس گئے ہیں۔

وزیر ریلوے شیخ رشید نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی کابینہ نے نیب قوانین میں ترمیم کا فیصلہ کیا ہے، بیورو کریسی کی وجہ سے کام میں مشکلات ہیں، بیورو کریٹس کام نہیں کررہے اور ڈرے ہوئے ہیں، وزیراعظم کو بھی بتا چکا ہوں کہ بیوروکریٹس کام نہیں کررہے اور ہینڈز اپ کرچکے ہیں، نواز شریف اور شہباز شریف کےلئے یہ سارے کام کرتے رہے ہیں، لیکن عمران خان کی حکومت میں نہیں کررہے۔

شیخ رشید نے کہا کہ مریم نواز نے ساری مصیبت اپنے سر مول لی اور سارے خاندان کی سیاست کو تباہ و برباد کردیا، جج ویڈیو اسکینڈل شریف خاندان کو مروائے گا، شہباز شریف سمجھدار اور میری پارٹی کا آدمی ہے لیکن وہ پھنس گئے ہیں، ایک طرف ان کا خون اور دوسری طرف سیاست ہے، لیکن وہ نہ ہی خون اور نہ ہی سیاست کو بچاسکیں گے۔

وزیر ریلوے نے مزید کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے کشمیر کا زوردار مقدمہ لڑا، کوئی شملہ نہ واجپائی معاہدہ رہا ہے، بھارت سے مذاکرات کے سارے دروازے بند ہوچکے، اب عمران خان نے فیصلہ کرنا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔