جرمن جوڑا خیبر پختونخوا کے سیاحتی مقامات کا دیوانہ ہوگیا

ویب ڈیسک / احتشام خان  جمعرات 22 اگست 2019
جرمن جوڑا خیبر پختونخوا کے روایتی پکوانوں اور تاریخی مقامات کے گن گانے لگا ہے۔ فوٹو : ایکسپریس

جرمن جوڑا خیبر پختونخوا کے روایتی پکوانوں اور تاریخی مقامات کے گن گانے لگا ہے۔ فوٹو : ایکسپریس

پشاور: دنیا کی سیر پر نکلا جرمن جوڑا خیبر پختونخوا کے سیاحتی مقامات کا دیوانہ ہوگیا ہے۔

دنیا کی سیر پر نکلا جرمن جوڑا خیبر پختونخوا کی سر زمین پر قدم رکھتے ہی یہاں کے روایتی پکوانوں اور تاریخی مقامات کے گن گانے لگا ہے، ہیوی بائیک پر دنیا کے سفر پر نکلے جرمن جوڑے نے پشاور میں 7 روز قیام کیا اور پشاور کے روایتی پکوانوں سے خوب لطف اندوز ہوئے۔

پشاور میں دورے کے موقع پر انہوں نے قصہ خوانی بازار،  فوڈ اسٹریٹ گھنٹہ گھر، اسلامیہ کالج، مسجد مہابت خان  سمیت شہر کے دیگر تاریخی مقامات کی سیر کی۔  جرمن سیاح حنرک کا کہنا تھا کہ ہم پشاور صرف ایک دن کے لئے آئے تھے لیکن یہاں کی مہمان نوازی اور سیاحتی مقامات اور روایتی پکوانوں نے ہمیں اپنے سحر میں گھیر لیا۔

جرمن خاتون سیاح لوار نے بتایا کہ ہم ہیوی بائیک پر  ویتنام، تھائی لینڈ، سنگاپور کا سفر کر چکے ہیں لیکن پشاور جیسا شہر کہیں نہیں دیکھا، تاریخی اعتبار سے خیبر پختونخوا کو خاص اہمیت حاصل ہے۔ لورا نے  تخت بھائی کے چپلی کباب کی خوب تعریف کرتے ہوئے کہا کہ  لذت اور ذائقے میں اس پکوان کا کوئی ثانی نہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔