وزیر اعظم جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لئے 23 ستمبر کو نیویارک روانہ ہوں گے

ویب ڈیسک  جمعرات 22 اگست 2019
وزیر اعظم جنرل اسمبلی کے خطاب میں کشمیر میں بھارتی جارحیت اور مظالم کو اٹھائیں گے۔ فوٹو:فائل

وزیر اعظم جنرل اسمبلی کے خطاب میں کشمیر میں بھارتی جارحیت اور مظالم کو اٹھائیں گے۔ فوٹو:فائل

 اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان 23 ستمبر کو نجی ایئرلائن کے ذریعے نیویارک روانہ ہوں گے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لئے وزیراعظم عمران خان کا ابتدائی شیڈول تیار ہوگیا ہے، جس کے تحت  وزیر اعظم عمران خان 23 ستمبر کو نجی طیارے کے ذریعے نیو یارک کے لئے روانہ ہوں گے۔

وزیر اعظم عمران خان کا دورہ 4 روز پر مشتمل ہوگا، اس دوران وزیر اعظم کی ملائیشین ہم منصب سمیت متعدد عالمی رہنماؤں سے سائیڈ لائن ملاقاتیں بھی ہوں گی، اور ان سے امریکا میں مقیم پاکستانی سرمایہ کار اور تاجر بھی ملاقاتیں کریں گے۔

وزیر اعظم عمران خان 27 ستمبر کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے، اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی بربریت اور مظالم کواٹھائیں گے، جب کہ 27 ستمبر کی رات ہی امریکا سے وطن واپس روانہ ہوں گے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔