نیوزی لینڈ کے اسپیکر کی اسمبلی کارروائی کے دوران بچے کو فیڈر پلانے کی ویڈیو وائرل

ویب ڈیسک  جمعرات 22 اگست 2019
اسپیکر نے نومولود کو فیڈر سے دودھ پلانے کی تصاویر اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر بھی شیئر کیں، فوٹو: رائٹرز

اسپیکر نے نومولود کو فیڈر سے دودھ پلانے کی تصاویر اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر بھی شیئر کیں، فوٹو: رائٹرز

ویلنگٹن: نیوزی لینڈ کے اسپیکر کی اسمبلی اجلاس کی صدارت کے دوران  بچے کو فیڈر پلانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

نیوزی لینڈ کی پارلیمنٹ میں تیل کی قیمت سے متعلق اجلاس جاری تھا تو اس دوران اسپیکر نے جب خاتون رکن اسمبلی تماتی کافے کو بحث میں حصہ لینے کی دعوت دی تو اُن کی گود میں ڈیڑھ ماہ کا بیٹا تھا جسے اسپیکر نے لے لیا اور اس دوران وہ نہ صرف اجلاس کی صدارت کرتے رہے بلکہ نومولود کو فیڈر سے دودھ بھی پلاتے رہے۔

اسپیکر ٹریور ملارڈ نے نومولود کو فیڈر پلانے کی تصاویر اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ عمومی طور پر اسپیکر کی نشست اجلاس کی صدارت کے لیے استعمال ہوتی ہے لیکن آج میرے ساتھ ایک وی آئی پی  ہے جو میرے ساتھ صدارت کا حصہ ہے، جس پر  تماتی کافے اور ان کی فیملی کو ننھے مہمان کی شمولیت پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

واضح رہے کہ ملک کی نمائندہ پارلیمان کو بچوں کے لیے دوستانہ بنانے کے لیے مختلف قوانین میں نرمی کی گئی ہے ، اس وقت درجن سے زائد خاتون ارکان پارلیمنٹ بچوں کے ساتھ اسمبلی کی کارروائی میں حصہ لے رہی ہیں جب کہ گزشتہ سال جسینڈرا نیوزی لینڈ کی پہلی وزیراعظم تھیں جنہوں نے زچگی کی چھٹیاں حاصل کیں اور وہ دنیا کی دوسری خاتون وزیراعظم  بھی ہیں جو عہدے پر فائز ہوتے ہوئے ماں بنیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔