چین میں روبوٹکس کا عالمی میلہ جاری

ویب ڈیسک  جمعـء 23 اگست 2019
چین میں جدید ترین روبوٹ کا عالمی میلہ جاری ہے۔ فوٹو: اے ایف پی

چین میں جدید ترین روبوٹ کا عالمی میلہ جاری ہے۔ فوٹو: اے ایف پی

بیجنگ: چین میں جدید ترین اور حیرت انگیز روبوٹس کی نمائش جاری ہے جس میں دنیا بھر سے حیرت انگیز روبوٹس پیش کیے گئے ہیں۔

اس موقع پر روبوٹ اور مصنوعی ذہانت کے کئی موضوعات پرایک کانفرنس بھی منعقد کی گئی ہے جس میں دنیا بھر کے بہترین دماغ اپنی تحقیقات پیش کررہے ہیں۔

مجموعی طور پر 22 ممالک کے 4500 ماہرین نے اس نمائش میں اپنی اپنی تخلیقات پیش کی ہیں۔ ان میں تیرنے، اڑنے، دوڑنے، چلنے، گھریلو امور انجام دینے والے اور دیگر تفریحی روبوٹ بھی موجود ہیں۔

مجموعی طور پر 700 سے زائد ایسے روبوٹ پیش کیے گئے ہیں جن میں سے بعض کو صنعتوں اور کارخانوں میں استعمال کیا جاسکتا ہے۔ اس طرح 21 مختلف صنعتی کاموں کےلیے مخصوص روبوٹس یہاں رکھے گئے ہیں۔

ان میں جرمن کمپنی فیسٹو کا بنایا ہوا ایک پرندہ روبوٹ بھی رکھا گیا ہے جس نے گزشتہ کئی برس سے دنیا میں اپنی پرواز کی دھوم مچارکھی ہے۔ یہ روبوٹ ہوبہو پرندے کی طرح اپنے پر پھڑپھڑاتا ہے اور اسے کئی کاموں کےلیے استعمال کیا جاسکتا ہے۔

ایک اور دلچسپ گری بینڈ ہے جو ایک ایسا روبوٹ ہے جو پیانو بجاتا ہے اور مشہور دھنیں چھیڑ کر لوگوں کو مبہوت کرسکتا ہے۔

اس نمائش میں تیرنے اور چوپائے کی طرح چلنے والے روبوٹس بھی رکھے گئے ہیں جن میں بوسٹن ڈائنامِکس کے مشہور چوپائے روبوٹس بھی شامل ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔