انٹرنیشنل فیڈریشن نے بھارتی دباؤ پر ہتھیار ڈال دیئے

اے ایف پی  جمعـء 23 اگست 2019
پاکستان سے ڈیوس کپ ٹینس ٹائی نومبر تک ملتوی، حتمی تاریخوں کا 9 ستمبر تک اعلان
 فوٹو: فائل

پاکستان سے ڈیوس کپ ٹینس ٹائی نومبر تک ملتوی، حتمی تاریخوں کا 9 ستمبر تک اعلان فوٹو: فائل

نئی دہلی: انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن نے بھارتی دباؤپرہتھیار ڈال دیئے اور پاکستان سے ڈیوس کپ ٹائی نومبر تک ملتوی ہوگئی۔

پاک بھارت ڈیوس کپ ٹائی 14 اور 15 ستمبر کو اسلام آباد میں ہونا تھی، تاہم دونوں ممالک کے درمیان کشمیر کے ایشو پر سیاسی کشیدگی بڑھنے کی وجہ سے بھارت نے آئی ٹی ایف سے ٹائی کو ملتوی یا نیوٹرل وینیو پر منتقل کرنے کی درخواست کردی جس پر گزشتہ روز ڈیوس کپ کمیٹی کی میٹنگ ہوئی اور ٹائی کو نومبر تک ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

آئی ٹی ایف نے اعلامیہ میں کہاکہ سیکیورٹی ماہرین کی جانب سے پاکستان میں موجودہ صورتحال کا گہرائی سے جائزہ لینے کے بعد ٹائی کو ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

کمیٹی اس نتیجے پر پہنچی کہ صورتحال غیرمعمولی اور کھلاڑیوں کی سلامتی اولین ترجیح ہونی چاہیے، ٹائی نومبر میں ہوگی جبکہ حتمی تاریخوں کا اعلان 9 ستمبر تک کردیا جائے گا۔

اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ آئی ٹی ایف بدستور پاکستان میں صورتحال کا جائزہ لیتی رہے گی،ہ ڈیوس کپ کمیٹی بھی ٹائی سے متعلق حتمی فیصلے سے قبل سیکیورٹی صورتحال کا دوبارہ معائنہ کرے گی۔

ادھر انڈین فیڈریشن کے سیکریٹری ہیرونموئے چیٹرجی نے کہاکہ ہم اس فیصلے سے خوش اور امید ہے کہ 2 ماہ میں صورتحال بہتر ہو جائے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔