دریائے ستلج میں پانی کے بہاؤ میں کمی، سیلابی ریلا آج ہیڈ سلیمانکی پہنچے گا

نمائندگان ایکسپریس  جمعـء 23 اگست 2019
24 گھنٹوں کے دوران موسم گرم مرطوب رہنے کا امکان، گلگت بلتستان میں قدرتی آفات سے 9 افراد جاں بحق ہوئے، این ڈی ایم اے
فوٹو:فائل

24 گھنٹوں کے دوران موسم گرم مرطوب رہنے کا امکان، گلگت بلتستان میں قدرتی آفات سے 9 افراد جاں بحق ہوئے، این ڈی ایم اے فوٹو:فائل

 لاہور /  اسلام آباد / ساہیوال / چیچہ وطنی: این ڈی ایم اے نے دریائے ستلج میں پانی کے بہاوکی تازہ صورتحال جاری کردی ہے جس کے مطابق پانی کے بہاؤ میں بتدریج کمی واقع ہو رہی ہے۔

ترجمان این ڈی ایم اے بریگیڈیر مختار احمدکیمطابق دریائے ستلج پرگنڈا سنگھ والا پراس پانی کا لیول19فٹ اوربہاو 55900 کیوسک ہے ۔ گزشتہ رات گنڈا سنگھ والاسے گزرنے والا پانی کا بڑا ریلہ آج ہیڈ سلیمانکی پہنچے گا۔25اگست کویہ ریلا اسلام ہیڈورکس سے ہوتا ہوا 28 اگست کو پنجندکے مقام پر دریائے چناب میں شامل ہوجائیگا۔

ضلع قصوراوراکاڑہ سے 2475 لوگوں کو محفوظ متبادل جگہوں پر منتقل کیاگیا ہے۔ 2133 لوگوں کو سامان کی منتقلی کیلئے ٹرانسپورٹ کی سہولیات بھی مہیا کی گئی۔

ترجمان این ڈی ایم ای کے مطابق ضلع قصورمیں بیس کیمپ تلوار پوسٹ میںقائم کیا گیا ہے ۔ کیمپ کے رہائشیوںکیلیے میڈیکل سہولیات کی ساتھ ساتھ جانوروں کے لئے ویٹنری سہولیات بھی فراہم کی گئی ہیں۔ ترجمان کے مطابق دریائے سندھ پر گدو کے مقام پراس وقت درمیانے درجہ کا سیلاب ہے۔ اس کے علاوہ تمام ملکی دریاؤں اور ہیڈ ورکس پرپانی کا بہاؤ خطرہ کے نشان سے نیچے ہیں۔

ڈپٹی کمشنر ساہیوال محمد زمان وٹو نے کہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ نے دریائے راوی میں متوقع سیلاب سے نمٹنے کی تمام تیاریاں مکمل کر لی ہیں، فی الحال دریا میں کوئی سیلابی صورتحال نہیں۔ چیچہ وطنی سے نامہ نگارکے مطابق دریائے راوی میں پانی کی سطح بلند ہونے سے چیچہ وطنی کے نواحی دیہاتوں میں کھڑی فصلیں زیرآب آ گئیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔