تھر انسٹیٹیوٹ آف انجینئرنگ سائنس و ٹیکنالوجی کے قیام کی منظوری

اسٹاف رپورٹر  جمعـء 23 اگست 2019
اکتوبر سے بینظیر کلچرل کمپلیکس مٹھی میں عارضی طور پر کلاسیں شروع کی جائیں، وزیر اعلیٰ
 فوٹو : فائل

اکتوبر سے بینظیر کلچرل کمپلیکس مٹھی میں عارضی طور پر کلاسیں شروع کی جائیں، وزیر اعلیٰ فوٹو : فائل

کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے مٹھی میں317 ایکڑ رقبے پر مشتمل تھر انسٹیٹیوٹ آف انجینئرنگ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (ٹی آئی ای ایس ٹی)  قائم کرنے کی منظوری دی جس پر ابتدائی لاگت کا تخمینہ 1.5 بلین روپے ہے جبکہ مزید فنڈز کی بھی جب بھی ضرورت پڑی تو دستیاب ہوں گے۔

سید مراد علی شاہ سید مراد علی شاہ نے وائس چانسلر این ای ڈی یونیورسٹی کو ہدایت کی کہ وہ  اکتوبر 2019 سے بینظیر کلچرل کمپلیکس مٹھی کی عمارت میں عارضی طورپر کلاسیں شروع کردیں جس کیلیے انھوں نے فوری طورپر 120 ملین روپے جاری کرنے کی بھی منظوری دی۔ انھوں نے یہ فیصلہ مٹھی میں ٹی آئی ای ایس ٹی کے قیام کے حوالے سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

این ای ڈی یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر سروش لودھی نے وزیراعلیٰ سندھ کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ  این ای ڈی یونیورسٹی کی اکیڈمک کونسل نے مٹھی میں ٹی آئی ای ایس ٹی کے لیے 60 نشستوں کی منظوری دی ہے جس میں 46 ریگولر اور 14 سیلف فنانس پر ہیں۔

ٹی آئی ای ایس ٹی کے سپورٹنگ اسٹاف اور فیکلٹی سے متعلق بات کرتے ہوئے ڈاکٹر سروش نے کہا کہ 19پوسٹس ہوں گی جن میں 21 گریڈ کا ایک پرنسپل ، گریڈ 21 کا پروفیسر ، گریڈ 20 کے دو ایسوسی ایٹ پروفیسر ، 4 اسسٹنٹ پروفیسر ، 3 لیکچرار،ایک آئی ٹی منیجر ، 2 ڈیٹا انٹری آپریٹرز، 2 لیب ٹیکنیشنس اور 3 نائب قاصد شامل ہیں اس کے ساتھ ساتھ 44 انتظامی اور سپورٹنگ اسٹاف بشمول ڈپٹی رجسٹرار ہوں گے۔

سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو شمس سومرو نے وزیراعلیٰ سندھ کو بتایا کہ یونیورسٹی نے 317 ایکڑزمین کا مطالبہ کیاتھا، ویلیج میٹھراؤ بھٹی مین اسلام کوٹ روڈ پر زمین کی نشاندہی کی گئی ہے، نشاندہی کی گئی زمین کی پیمائش 325 ایکڑ ہے اور یہ مٹھی اور اسلام کوٹ کے درمیان میں مٹھی سے 18 کلومیٹر اور اسلام کوٹ سے 22 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے، وائس چانسلر این ای ڈی یونیورسٹی نے کہا کہ انسٹیٹیوٹ / یونیورسٹی کے ساتھ وہاں پر انڈسٹریل پارک بھی ہوگا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔