بھارت ہٹ دھرمی پر قائم، کشمیر میں خون خرابہ نظر آ رہا ہے، شاہ محمود قریشی

ویب ڈیسک  جمعـء 23 اگست 2019
بھارت قتل وغارت سے پرہیز کرے گا، امجد شعیب، امتیاز گل کا بھی ’’کل تک‘‘ میں اظہار خیال
(فوٹو: فائل)

بھارت قتل وغارت سے پرہیز کرے گا، امجد شعیب، امتیاز گل کا بھی ’’کل تک‘‘ میں اظہار خیال (فوٹو: فائل)

 اسلام آباد:  وفاقی وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ مجھ پرخوف طاری ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں درندے بیٹھے ہیں اور وہاں نمائندوں نے کال دے دی ہے کہ جمعہ کی نمازکے بعد عورتیں بوڑھے بچے اورنوجوان کرفیو کو توڑیں اور سری نگرمیں اقوام متحدہ کے دفترکے باہرپر امن احتجاج کریں۔

ایکسپریس نیوز کے پروگرام ’’کل تک‘‘ میں میزبان جاوید چوہدری سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ جنرل سائٹ واچ ایک مستند این جی اوہے جس نے مقبوضہ کشمیرکی صورتحال کو سامنے رکھتے ہوئے جنرل سائٹ الرٹ جاری کر دیا ہے، ایک طرف یہ الرٹ ہے دوسری یہ کال آ گئی ہے بھارتی فورسز اپنی ہٹ دھرمی پر قائم ہیں، مجھے اس میں خون خرابہ نظر آ رہاہے۔

شاہ محمود قریشی نے بتایا کہ میری کل اورآج جتنے وزرائے خارجہ سے بات ہوئی میں نے ان سے کہاہے کہ اس وقت فوری مسئلہ انسانیت کا ہے، مجھے ڈرہے کہ وہ بزوربازواحتجاج کو کچلیں گے۔ ہیومین رائٹس آرگنائزیشنز سے میں نے رابطہ قائم کیا ہے، ایک خوش آئندبات ہے کہ جنیوا سے ان کا بیان سامنے آیاہے کہ کرفیو اوردیگرپابندیوں کو فی الفورہٹایا جائے، میں نے آج بھی ہیومن رائٹ کمشنر کو خط بھیجا ہے کہ آپ نے اعتراف کیاہے کہ وہاں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں ہورہی ہیں لہٰذاآپ اپناکردار اداکریں اور ان خلاف ورزیوں کو روکیں۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ اس وقت بھارت کاجو رویہ اورسوچ ہے، ان حالات میں بیک ڈورڈپلیومیسی اور مذاکرات کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، انہوں نے 5 اگست کوجو اقدام اٹھائے ہیں۔ اس سے ریاست کشمیرکو انہوں نے صفحہ ہستی سے مٹادیاہے اوراس کاتشخص ہی ختم کردیاہے، مسئلہ کشمیرمیں تین فریق ہیں، بھارت کشمیری اورپاکستان ،بھارت کے اقدام کوکشمیریوں نے بھی مسترد کر دیاہے اورپاکستان نے بھی، بھارت بھی اس معاملے پرتقسیم ہے اورکچھ لوگ وہاںعدالت میں چلے گئے ہیں۔

سابق سفیر شاہدملک نے کہاکہ بھارت نے5 کو جویک طرفہ اقدام اٹھایاہے اس کے بعدحالات خراب سے خراب ترہوتے گئے ہیں۔

جنرل(ر)امجد شعیب نے کہاکہ میراندازہ ہے کہ جس طرح دنیامیں اس پربات چیت ہورہی ہے اورجنرل سائیٹ واچ اور انسانی حقوق کی تنظیموں کااس طرف دھیان ہے بھارت قتل وغارت سے پرہیزکرے گا ،کل جمعہ کی نمازہے لوگ اگرمسجدوں میں پہنچ گئے توضرورباہرنکلیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔