کشمیر میں بھارتی فوجیوں کا قبرستان بنا دیں گے، صدر آزاد کشمیر

ویب ڈیسک  جمعـء 23 اگست 2019
جنگ کا آغاز بھارت نے کیا ہے اسے ختم ہم کریں گے، صدر آذاد کشمیر۔ فوٹو:فائل

جنگ کا آغاز بھارت نے کیا ہے اسے ختم ہم کریں گے، صدر آذاد کشمیر۔ فوٹو:فائل

 اسلام آباد: صدر آزاد کشمیر مسعود خان کا کہنا ہے کہ امیت شاہ اور راج ناتھ سنگھ  سن لو ہم کشمیر میں تمہارا اور بھارتی فوجیوں کا قبرستان بنادیں گے۔ 

کشمیریوں سے اظہار یکجہتی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان کا کہنا تھا کہ آرٹیکل 370 پنڈت جواہر لعل نہرو اور شیخ عبدالله کے درمیان شیطانی معاہدہ تھا، ہندوستان نے کشمیریوں سے پوچھے بغیر کشمیر کے 2 ٹکڑے کر دیے، 8 لاکھ 80 ہزار بھارتی فوجیوں نے نہتے کشمیریوں پر حملہ کیا اور ان سے ان کا حق چھینا۔

مسعود خان کا کہنا تھا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں آزادی کی لہر کو دبانے کی کوشش کررہا ہے، مودی سرکار نے یک طرفہ اور انتہا پسندانہ اقدام اٹھایا،  نہتے کشمیریوں کو یرغمال بنا رکھا ہے، بھارتی فوج رات کو حملہ آور ہوکر نوجوانوں کو اٹھا کر لے جاتی ہے، اس ماحول میں بھی حریت رہنماؤں نے جرأت کا علم بلند کیا ہوا ہے جو اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ دنیا میں کشمیریوں سے زیادہ کوئی بہادر قوم نہیں ہے، تاریخ کے ساتھ عہد ہے کہ بھارت کو اس اقدام کا جواب ملے گا، امیت شاہ اور راج ناتھ سنگھ  سن لو کشمیر میں تمہارا اور بھارتی فوجیوں کا قبرستان بنادیں گے، ہم بھارت کے ساتھ حساب ضرور برابر کریں گے، جنگ کا آغاز ہندوستان نے کیا ہے اسے ختم ہم کریں گے۔

صدر آذاد کشمیر نے کہا کہ بھارت منظم طریقے سے مسلمانوں کی نسل کشی کر رہا ہے، جو کشمیرمیں ہورہا ہے وہ بوسنیا میں نسل کشی سے کم ہے؟  آج دنیا کی آنکھوں کے سامنے پورا کشمیر گیس چیمبر بن چکا ہے لیکن اقوام متحدہ اور سلامتی کونسل کشمیریوں پر ہونے والے ظلم اور  مقبوضہ وادی کی صورتحال پر خاموش ہے، عالمی برادری کا دہرا معیار ہے، عالمی میڈیا نے جرأت کے ساتھ حقائق دکھائے لیکن ان کی حکومتوں کے لب سلے ہوئے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔