وزیراعظم کا بے نامی جائیدادوں کیخلاف کریک ڈاؤن کیلیے اہم اقدام

ویب ڈیسک  جمعـء 23 اگست 2019
وزیراعظم نے  ڈپٹی کمشنروں اور ڈویلپمنٹ اتھارٹیز کو بے نامی جائیدادوں کی نشاندہی کرنے کی ذمہ داری سونپ دی، فوٹو: فائل

وزیراعظم نے ڈپٹی کمشنروں اور ڈویلپمنٹ اتھارٹیز کو بے نامی جائیدادوں کی نشاندہی کرنے کی ذمہ داری سونپ دی، فوٹو: فائل

 اسلام آباد: وزیرِاعظم عمران خان نے ملک بھر میں بے نامی جائیدادوں کے خلاف کریک ڈاؤن کے حوالے سے بڑا فیصلہ کرلیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعظم نے ملک بھر کے تمام ڈپٹی کمشنرز اور ڈویلپمنٹ اتھارٹیز کو بے نامی جائیدادوں کی نشاندہی کرنے کی ذمہ داری سونپ دی ہے۔

وزیراعظم نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ایک ماہ میں اپنے متعلقہ علاقوں میں واقع بے نامی جائیدادوں کی نشاندہی کرکےرپورٹ پیش کرنے کی ہدایت جاری کردی ہیں جب کہ رپورٹ میں نشاندہی نہ کی جانے والی بے نامی جائیداد کا بعد میں پتہ چلنے پر متعلقہ ڈپٹی کمشنر، ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے سربراہ کو ذمہ دار ٹھہرایا جائے گا۔

اس سے سلسلے میں وزیراعظم نے تمام صوبائی چیف سیکرٹریز کو مراسلہ ارسال کیا ہے جس میں بے نامی جائیدادوں کی نشاندہی نہ کرنے والے متعلقہ افسر کے خلاف قانون کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

مراسلے میں کہا گیا ہے کہ تمام افسران 30 ستمبر تک اپنی رپورٹ چیئرمین ایف بی آر کو بھجوانے کے پابند ہیں جب کہ وزیراعظم آفس کو بھی اس رپورٹ کی نقل بھیجی جائے گی۔

وزیراعظم کا کہنا ہے کہ بے نامی جائیدادوں کی نشاندہی کے لئے صوبائی حکومتیں متحرک کردار ادا کرتے ہوئے فوری اقدامات کریں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔