ملائیشیا میں اربوں روپے مالیت کی کوکین ضبط

ویب ڈیسک  جمعـء 23 اگست 2019
کیٹا مائن کو پاکستان اور کوکین کو ایکواڈور سے اسمگل کرکے لایا گیا اور کسی تیسرے ملک اسمگل کرنا تھا، حکام (فوٹو : ٹویٹر)

کیٹا مائن کو پاکستان اور کوکین کو ایکواڈور سے اسمگل کرکے لایا گیا اور کسی تیسرے ملک اسمگل کرنا تھا، حکام (فوٹو : ٹویٹر)

کوالالمپور: ملائیشیا میں 15 ارب روپے سے زائد مالیت کی منشیات پکڑی گئی ہے جس میں 3.7 ٹن کوکین اور کیٹامائن بھی شامل ہیں۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ملائیشیا کی تاریخ میں پکڑی جانے والی منشیات کی سب سے بڑی کھیپ دو مختلف کارروائیوں میں ضبط کی گئیں۔ پہلی کارروائی بنکاک آلام کے علاقے میں ایک دکان پر کی گئی جہاں سے 467 کلو گرام کیٹامائن برآمد ہوئی۔

پولیس اور انسداد منشیات کی مشترکہ کارروائی کے دوران حراست میں لیے گئے ملزمان نے تفتیش میں ایک اور کمین گاہ کا انکشاف کیا جہاں سے 3 ہزار 200 کلو گرام کوکین برآمد کی گئی۔ ضبط کی گئیں کوکین اور کیٹامائن کی مجموعی مالیت اربوں روپے میں بنتی ہے۔

یہ پڑھیں: میکسیکو میں کوکین پیٹ میں چھپا کر لے جانے والا مسافر دوران پرواز ہلاک

ملائیشیا کے انسداد منشیات کے حکام کا کہنا ہے کہ ضبط کی گئی کیٹامائن کو پاکستان سے ملائیشیا لایا گیا تھا جب کہ کوکین کو ایکواڈور سے اسمگل کر کے ملائیشیا لایا گیا اور ملزمان دونوں اقسام کی منشیات کو کسی تیسرے ملک اسمگل کرنا چاہتے تھے۔

کوالالمپور پولیس چیف نے مزید بتایا کہ انسداد منشیات کارروائی کے دوران مجموعی طور پر 13 افراد کو حراست میں لیا گیا ہے جن میں سے 4 مقامی افراد ہیں جب کہ 9 غیر ملکی ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔