وفاقی حکومت کا دریائے سندھ پر بیراج بنانے کا اعلان

ویب ڈیسک  جمعـء 23 اگست 2019
بیراج کے دونوں اطراف دو نہریں بھی تعمیر کی جائیں گی، چیئرمین واپڈا کی بریفنگ (فوٹو: فائل)

بیراج کے دونوں اطراف دو نہریں بھی تعمیر کی جائیں گی، چیئرمین واپڈا کی بریفنگ (فوٹو: فائل)

کراچی: وفاقی حکومت نے سندھ حکومت کے ساتھ مل کر سندھ بیراج بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واؤڈا اور چیئرمین واپڈا لیفیٹننٹ جنرل (ر) مزمل حسین نے وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ سے ملاقات کی۔ ملاقات میں وزیرِ آبپاشی سندھ سہیل انور سیال، صوبائی مشیر مرتضیٰ وہاب اور دیگر بھی موجود تھے۔ ملاقات میں سندھ بیراج کے حوالے سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ ڈاؤن اسٹریم کوٹڑی میں پانی نہ جانے کی وجہ سے سمندر آگے بڑھ رہا ہے۔

چیئرمین واپڈا نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سمندر سے پہلے 45 کلومیٹر پر ایک بیراج تعمیر کرنے کی تجویز ہے، بیراج کے دونوں اطراف دو نہریں بھی تعمیر کی جائیں گی، ایک نہر رائٹ بینک سے گھوڑا باڑی سے گھارو تک جب کہ دوسری نہر لیفٹ بینک پر سجاول سے گولارچی تک تعمیر کی جائے گی، اس ڈیم کے تعمیر ہونے سے 2 سے 3 ایم اے ایف پانی علاقے میں موجود رہے گا، منصوبے پر 2021ء میں کام شروع ہوجائے گا، یہ بیراج 12 میٹر اونچا ہوگا جس میں 160 کلومیٹر سیلاب کا پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش ہوگی، ان سے نکلنے والی نہریں نہ صرف زمین آباد کریں گی بلکہ اس کا ذخیرہ شدہ پانی زمین کو بھی میٹھا کرے گا۔

بعد ازاں وزیراعلی ہاؤس کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے فیصل واؤڈا کا کہنا تھا کہ کوٹری بیراج  سے 45 کلومیٹر دور دریائے سندھ پر ایک اور بیراج بنائیں گے، اس منصوبے کا تخمینہ 100 سے 125 ارب روپے تک لگایا گیا ہے، عمران خان کو کریڈٹ نہیں چاہیے مسائل کا حل چاہیے، پانی کے مسئلے کا حل ناگزیر ہے، ہم اس کے لیے پیپلز پارٹی کے ساتھ مل کر کام کریں گے، عمران خان نے دوریاں ختم کرنے کی ہدایت کی ہے، ہم پیپلز پارٹی کے مینڈیٹ کا احترام کرتے ہیں۔

وزیراعلی سندھ کے مشیر مرتضی وہاب کا کہنا تھا کہ فیصل واوڈا کی کوشش قابل ستائش ہے، وفاق کے باقی ادارے بھی ایسا کریں تو زیادہ بہتر ہوگا دیگر وفاقی وزرا کو بھی ان کی تقلید کرنی چاہیے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔