ثابت کیجیے کہ یہ شہر وجود نہیں رکھتا اور جیتیے 11 لاکھ ڈالر!

ویب ڈیسک  ہفتہ 24 اگست 2019
جرمنی کے شہر بیلیفیلڈ کی انتظامیہ نے اعلان کیا ہےکہ جو بھی یہ ثابت کردے کہ یہ شہر وجود نہیں رکھتا تو اسے انعام میں 11 لاکھ ڈالر کی رقم دی جائے گی۔ فوٹو: وکی میڈیا کامنز

جرمنی کے شہر بیلیفیلڈ کی انتظامیہ نے اعلان کیا ہےکہ جو بھی یہ ثابت کردے کہ یہ شہر وجود نہیں رکھتا تو اسے انعام میں 11 لاکھ ڈالر کی رقم دی جائے گی۔ فوٹو: وکی میڈیا کامنز

برلن: جرمنی کے ایک شہر نے دنیا بھر کے لوگوں کےلیے ایک عجیب و غریب چیلنج دیا ہے کہ اگر کوئی یہ ثابت کردے کہ ان کا خوبصورت شہر ’بیلفیلڈ‘ دنیا میں وجود نہیں رکھتا تو اسے 11 لاکھ ڈالرکا انعام دیا جائے گا جس کی رقم پاکستانی کرنسی میں 15 کروڑ روپے کے برابرہے!

لیکن اس دلچسپ پیشکش کے پیچھے ایک کہانی پوشیدہ ہے۔ مئی 1993 میں کمپیوٹر سائنس کے ایک طالب علم نے انٹرنیٹ پر لکھا تھا کہ بیلفیلڈ شہر وجود نہیں رکھتا۔ اس کے بعد یہ بحث ایک مضحکہ خیز رخ اختیار کرتی گئی جسے ’’بیلفیلڈ سازش‘‘ بھی کہا جاتا ہے۔ اب 25 برس بعد شہر کی انتظامیہ نے اس قضیے کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس شہر کی آبادی تین لاکھ ہے اور اب شہر بیلفیلڈ مارکیٹنگ انتظامیہ نے کہا ہے کہ جو کوئی بھی اس شہر کے نہ ہونے کے ٹھوس اور ناقابلِ تردید ثبوت لے کر آئے گا اسے 11 لاکھ ڈالر کا انعام دیا جائے گا۔ شہری انتظامیہ نےکہا کہ اس بات کا 99.99 فیصد امکان ہے کہ تمام ثبوتوں کو مسترد کردیا جائے گا۔ واضح رہے کہ پورے شہر کے عدم وجود کو ثابت کرنے کےلیےغیرمعمولی ثبوت درکار ہوں گے۔

اس ضمن میں شہری انتظامیہ نے شہریوں کے ٹیکس کے بجائے کاروباری شراکت داروں کی رقم سے انعام دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ مقابلے میں 16 برس یا اس سے زائد عمر کے لوگ شامل ہوسکتے ہیں اور اگر آپ اس شہر کے نہ ہونے کےبارے میں کچھ کہنا چاہتے ہیں تو 4 ستمبر 2019 تک اپنے ثبوت اور رائے کا اظہار کرسکتے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔