شاداب خان ملک میں کرکٹ کی بحالی پر شاداں

اسپورٹس رپورٹر  ہفتہ 24 اگست 2019
ڈومیسٹک سیزن میں طویل اسپیل سے ٹیسٹ فارمیٹ کیلیے تیاری کا عزم کرلیا
فوٹو: فائل

ڈومیسٹک سیزن میں طویل اسپیل سے ٹیسٹ فارمیٹ کیلیے تیاری کا عزم کرلیا فوٹو: فائل

 لاہور:  شاداب خان ملک میں کرکٹ کی بحالی پر شاداں ہیں، انھوں نے ڈومیسٹک سیزن میں طویل اسپیل سے ٹیسٹ فارمیٹ کے لیے تیاری کا عزم ظاہر کردیا۔

قذافی اسٹیڈیم لاہورمیں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے شاداب خان نے کہا کہ دیگر پاکستانی کرکٹرز کی طرح میری بھی خواہش ہے کہ ہوم گراؤنڈ میں اپنے پرستاروں کے سامنے کھیلوں، ٹیسٹ کرکٹ کی بھی ملک میں واپسی بہتر ہوگی لیکن موجودہ صورتحال میں غیر ملکی ٹیمیں کسی بھی فارمیٹ کے لیے آئیں بڑی خوش آئند بات ہے،پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ ہونی چاہیے۔

انھوں نے کہا کہ جمعرات کو نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں رپورٹ کے بعد میں نے بھرپور ٹریننگ کا آغاز کر دیا۔ پری سیزن کیمپ فٹنس اورفارم میں بہترین لانے کا اچھا موقع ہے،اس سے ہمیں بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملے گا۔

ٹیسٹ کرکٹ میں کارکردگی بہتر نہ ہونے کے سوال پر انھوں نے کہا کہ میں نے زیادہ تر محدود اوورز کے میچز میں حصہ لیا۔ اس لیے ریڈ بال سے تھوڑی مشکل ہوتی ہے،گذشتہ 4 ٹیسٹ میں میری بیٹنگ میں کارکردگی بہتر رہی البتہ بولنگ میں زیادہ اچھا پرفارم نہیں کرسکا، انھوں نے کہا کہ تربیتی کیمپ میں اچھی ٹریننگ اور بعد ازاں فرسٹ کلاس سیزن میں بھی طویل اسپیل کرتے ہوئے طویل فارمیٹ کے لیے بھی کارکردگی میں نکھار لانے کی کوشش کروں گا۔

شاداب خان نے کہا کہ میری کوشش ہوتی ہے کہ ہر میچ میں تینوں شعبوں میں عمدہ پرفارم کروں لیکن ایسا ہر بار کرنا کسی بھی کھلاڑی کے لیے ممکن نہیں ہوتا، انٹرنیشنل کرکٹ میں رہنے کے لیے ہر روز کچھ نیا سیکھنا پڑتا ہے۔ میری بھی کوشش ہے کہ نئی ڈیلیوریز پر کام کرتے ہوئے بہتر کارکردگی کا سلسلہ جاری رکھوں۔

ایک سوال پر شاداب خان نے کہا کہ مصباح الحق کو کوچ بنانا پی سی بی کی صوابدید ہے، میں ان کی زیرقیادت کھیل چکا اور ان سے ہمیشہ سیکھنے کا موقع ملتا رہا۔ شاداب خان نے شادی والدین کی مرضی سے کرنے کا عندیہ دیا،انھوں نے کہا کہ جوڑے تو آسمانوں پر بنتے ہیں،جب بھی کوئی لڑکی والدین کو پسند آگئی تو ان کی مرضی سے شادی کروں گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔