منشیات برآمدگی کیس؛ رانا ثنا اللہ کے جوڈیشل ریمانڈ میں 14 روز کی توسیع

ویب ڈیسک  ہفتہ 24 اگست 2019
اے این ایف پراسیکیوٹر نے عدالت میں سیف سٹی کی فوٹیج فراہم کردی فوٹو: فائل

اے این ایف پراسیکیوٹر نے عدالت میں سیف سٹی کی فوٹیج فراہم کردی فوٹو: فائل

 لاہور: انسداد منشیات عدالت نے منشیات برآمدگی کیس میں گرفتار مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثنا اللہ کے جوڈیشل ریمانڈ میں 14 روز کی توسیع کردی۔

اے این ایف حکام نے سخت سیکیورٹی میں منشیات برآمدگی کیس میں گرفتار مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثنا اللہ کو جوڈیشل ریمانڈ کی مدت ختم ہونے کے بعد لاہور کی انسداد منشیات عدالت میں پیش کیا گیا، اس موقع پر رانا ثنا اللہ کی اہلیہ سمیت دیگر عزیز، مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور کارکن بھی موجود تھے۔

دوران سماعت اے این ایف پراسیکیوٹر نے عدالت میں رانا ثنا اللہ کی گرفتاری کے وقت سیف سٹی کی ریکارڈ فوٹیج فراہم کردی۔ عدالت نے رانا ثنااللہ کو روسٹرم پر بلایا اور ان سے دستخط لینے کے بعد سی سی ٹی وی فوٹیج سر بمہر کردی۔

رانا ثنااللہ کے وکلا کی جانب سے ضمانت کی درخواست بھی دائر کر دی جس پر انسداد منشیات حکام نے ضمانت کی درخواست پر دلائل کے لیے وقت مانگ لیا۔ عدالت نے رہنما مسلم لیگ (ن) راناثنا اللہ کے جوڈیشل ریمانڈ میں 14دن کی توسیع کرتے ہوئے انہیں 7 ستمبر کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔