بھارت کے سابق وزیر خزانہ ارون جیٹلے 66 سال کی عمر میں چل بسے

ویب ڈیسک  ہفتہ 24 اگست 2019
رکن پارلیمنٹ کو طبیعت بگڑنے پر 9 اگست کو اسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔ فوٹو : فائل

رکن پارلیمنٹ کو طبیعت بگڑنے پر 9 اگست کو اسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔ فوٹو : فائل

نئی دلی: وزیراعظم مودی کے سابق وزیر خزانہ ارون جیٹلے مختصر علالت کے بعد 66 سال کی عمر میں جہان فانی سے کوچ کرگئے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق رکن اسمبلی اور سابق وزیر خزانہ ارون جیٹلے کو طبیعت خراب ہونے پر 9 اگست کو اسپتال لایا گیا تھا، وہ بے چینی محسوس کر رہے تھے اور سانس لینے میں دقت کا سامنا تھا جس پر انہیں انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں داخل کیا گیا۔

ماہر معالجین کی ایک ٹیم ان کی علاج معالجے پر مامور تھی تاہم طبیعت بگڑتی چلی گئی جس پر سابق وزیر خزانہ کو وینٹی لیٹر پر منتقل کیا گیا تھا تاہم وہ جانبر نہ ہوسکے۔ ذیابیطس کے مرض میں مبتلا سابق وزیر خزانہ کا گزشتہ برس تبدیلی گردہ کا آپریشن ہوا تھا۔

ارون جیٹلے بھارتیہ جنتا پارٹی کے وفادار رہنما تھے اور پارٹی میں نریندر مودی کے بطور وزیراعظم کی تجویز بھی انہوں نے ہی دی تھی۔ مودی کی پہلی حکومت میں خزانہ اور دفاع کا قلمدان ملا اور دوسری بار برسر اقتدار آنے پر بھی مودی ارون جیٹلے کو کابینہ میں شامل کرنا چاہتے تھے لیکن بیماری کے باعث ایسا ممکن نہ ہوسکا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔