حکمران مسئلہ کشمیر کے حوالے سے عوام کو حقائق نہیں بتا رہے، مولانا فضل الرحمان

ویب ڈیسک  ہفتہ 24 اگست 2019
 کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی کی مکمل حمایت اور ہر جارحیت کا جواب دینے کے لئے تیار ہیں، سربراہ جے یو آئی (فوٹو: فائل)

کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی کی مکمل حمایت اور ہر جارحیت کا جواب دینے کے لئے تیار ہیں، سربراہ جے یو آئی (فوٹو: فائل)

 اسلام آباد: جمیعت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ حکومت معذرت خواہانہ رویہ ترک کرے اور عوام سے اصل حقائق چھپانے کے بجائے صحیح صورتحال بتائے۔

ایکسپریس نیوزکے مطابق مولانا فضل الرحمان کی  زیرصدارت جمعیت علمائے اسلام (ف) کی مرکزی مجلس شوریٰ کا اجلاس ہوا، اجلاس میں چاروں صوبوں بشمول آزاد کشمیر، گلگت بلتستان سے اراکین نے شرکت کی، اور مولانا عبد الغفور حیدری نے ایجنڈے کے حوالے سے آگاہ کیا۔

اجلاس کےشرکا کو ملکی اور بین الاقوامی صورتحال سے بریف کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ حکمران مسئلہ کشمیر کے حوالے سے عوام کو حقائق نہیں بتا رہے، حکومت معذرت خواہانہ رویہ ترک کرے اور عوام سے اصل حقائق چھپانے کے بجائے صحیح صورتحال بتائے۔

اجلاس میں مرکزی مجلس شوری نے قرارداد بھی پیش کی گئی جس میں مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے بھارت کے اقدام کو یو این او کی قراردادوں کی کھلی توہین قراردیا گیا، اور کہا گیا کہ بھارت کا ی اقدام پوری دنیا کے لئے چیلنج اور مقبوضہ کشمیر میں مسلسل کرفیو  انسانی حقوق کی دھجیاں بکھیرنے کے مترادف ہے۔

مرکزی مجلس شوریٰ کا کہنا تھا کہ انسانی حقوق کی تنظیموں کو کشمیر میں بھارت کے ظالمانہ اقدام کیوں نظر نہیں آئے؟ انسانی حقوق کی تنظیمیں اب کہاں ہیں؟ مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں میں ہے، کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی کی مکمل حمایت کرتے ہیں اور ہر جارحیت کا جواب دینے کے لئے تیار ہے، جے یو آئی کے کارکن ملک کی سرحوں کے تحفظ کے لئے ہر قربانی دیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔