ملیر کینٹ پولیس نے مووی بنانے والے کے قتل کا معمہ حل کر لیا

اسٹاف رپورٹر  اتوار 25 اگست 2019
مقتول جمعرات کی رات گھر نہیں پہنچا تھا اور جمعے کو اس کی لاش ملیر کینٹ کے علاقے سے ملی۔ فوٹو: فائل

مقتول جمعرات کی رات گھر نہیں پہنچا تھا اور جمعے کو اس کی لاش ملیر کینٹ کے علاقے سے ملی۔ فوٹو: فائل

کراچی: ملیر کینٹ پولیس نے قتل کا معمہ حل کرتے ہوئے ایک ملزمہ کو گرفتار کرلیا جبکہ آشنا کی تلاش میں پولیس چھاپے مار رہی ہے۔

ترجمان ضلع ملیر پولیس کے مطابق ملیر کینٹ کے علاقے گلشن رومی کے قریب جھاڑیوں سے جمعے کو ایک شخص کی لاش ملی تھی جس کی بعدازاں شناخت 32 سالہ جواد کے نام سے ہوئی تھی مقتول کو تشدد کے بعد گلا گھونٹ کر ہلاک کیا تھا تھا تاہم ملیر کینٹ پولیس نے ٹیکنیکل سپورٹ سسٹم اور انٹیلی جنس اطلاعات پر کامیاب چھاپہ مار کارروائی کے دوران ایک ملزمہ کو گرفتار کرلیا۔

ترجمان کے مطابق ملزمہ نے اپنے اعترافی بیان میں بتایا کہ اس نے اپنے آشنا کے ساتھ ملکر جواد کو قتل کیا ہے ، مقتول نے مجھ سے شادی کا وعدہ کیا تھا اور اس کے انکار کرنے پر میں نے اس سے بدلہ لیا ہے ، پولیس نے ملزمان کے زیرِ استعمال گاڑی جسے لاش پھینکنے میں استعمال کیا گیا تھا برآمد کرلی۔

ایک سوال کے جواب میں ترجمان ضلع ملیر پولیس سب انسپکٹر شازیہ نے بتایا کہ وہ ملزمہ اور اس کے آشنا کا نام نہیں بتا سکتیں کیوںکہ آئی جی سندھ کی جانب سے نئی ہدایات جاری ہوئی ہیں کہ ملزمان کے نام اور تصاویر میڈیا سے شیئر نہ کی جائیں جس کے باعث گرفتار ملزمہ کا نام معلوم نہیں ہو سکا۔

مقتول جواد ملیر سعود آباد کا رہائشی اور شادی بیاہ میں مووی بنانے کا کام کرتا تھا جو کہ جمعرات کی رات گھر نہیں پہنچا تھا اور جمعے کو اس کی لاش ملیر کینٹ کے علاقے سے مل گئی تھی۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔