ہزاروں ٹن کچرا اٹھانا حکومت کیلیے چیلنج بن گیا

اسٹاف رپورٹر  اتوار 25 اگست 2019
سمری محکمہ قانون کو ارسال، بلدیاتی کونسلز کے گریڈ 15 تا 18 کے افسران کو مجسٹریسی اختیارات دینے کی تجویز۔ فوٹو : فائل

سمری محکمہ قانون کو ارسال، بلدیاتی کونسلز کے گریڈ 15 تا 18 کے افسران کو مجسٹریسی اختیارات دینے کی تجویز۔ فوٹو : فائل

کراچی: صفائی کے ناقص انتظامات کے باعث سندھ حکومت نے بلدیاتی افسران کو مجسٹریٹی اختیارات دینے پر غور شروع کر دیا ہے۔

کراچی کا ہزاروں ٹن کچرا حکومت سندھ کے لیے چیلنج بن گیا ،چینی کمپنیوں کو آزمانے کے بعد اب سندھ حکومت نے کراچی کی صفائی کے حوالے سے بڑا قدم اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے، بلدیاتی افسران کو مجسٹریسی اختیارات دینے پر غور شروع کر دیاہے اس ضمن میں محکمہ بلدیات نے سمری محکمہ قانون کو ارسال کردی ہے جس کے مطابق بلدیاتی مجسٹریٹ کچرا پھینکنے، جلانے اور غیرقانونی کچرا کنڈی بنانے والوں کیخلاف کارروائی کرنے کے مجاز ہوں گے۔

ذرائع کے مطابق صوبے کی تمام بلدیاتی کونسلز کے گریڈ 15 تا 18 کے افسران کو مجسٹریسی اختیارات دینے کی تجویزہے میونسپل مجسٹریٹ جرم پر فوری سزا دینے کے مجاز ہوں گے، میونسپل مجسٹریٹس سندھ لوکل گورنمنٹ ایکٹ کے تحت کارروائی کریں گے، اس حوالے سے محکمہ بلدیات اور محکمہ قانون کے حکام کے درمیان مشاورت بھی جاری ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ میونسپل مجسٹریٹ کی تعیناتی اور اختیارات کا حتمی فیصلہ محکمہ قانون کے جواب کے بعد ہو گا۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔