پاکستان کرتار پور راہداری منصوبے کی تکمیل کے لیے پرعزم ہے، فردوس عاشق اعوان

ویب ڈیسک  اتوار 25 اگست 2019
کرتارپور راہداری بین المذاہب ہم آہنگی کی دنیا میں ایک بہترین مثال ہے، فردوس عاشق اعوان فوٹو:فائل

کرتارپور راہداری بین المذاہب ہم آہنگی کی دنیا میں ایک بہترین مثال ہے، فردوس عاشق اعوان فوٹو:فائل

 اسلام آباد: معاون خصوصی اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ پاکستان دنیا بھر اور بھارت سے آنے والے سکھ یاتریوں کیلئے کرتار پور راہداری منصوبے کی تکمیل کے لیے پرعزم ہے۔

سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر وزیراعظم کی معاون خصوصی اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ کرتارپور سکھ برادری کے لئے مقدس مقام ہے، سکھ برادری کے مذہبی جذبات کا ہمیں تہہ دل سے احترام ہے، پاکستان دنیا بھر اور بھارت سے آنے والے سکھ یاتریوں کیلئے کرتار پور راہداری منصوبے کی تکمیل کے لیے پرعزم ہے تاکہ وہ اپنی مذہبی رسومات پوری آزادی اور سہولت سے ادا کر سکیں۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ کرتارپور راہداری بین المذاہب ہم آہنگی کی دنیا میں ایک بہترین مثال ہے، انتہا پسندی اور عدم برداشت کے بڑھتے رجحانات اور واقعات میں کرتار پور دنیا کو انسانیت اور اختلاف رائے کے احترام اور برداشت کا پیغام دے رہا ہے،  ہم یقین رکھتے ہیں کہ کرتارپور راہداری کا یہ منصوبہ مختلف عقائد اور تہذیبوں کے مابین ہم آہنگی کے فروغ کا بھی باعث بنے گا۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ہمیں پاکستان کے پرچم میں سفید رنگ اتنا ہی عزیز ہے جتنا سبز رنگ، پاکستان اور دنیا بھر میں اقلیتوں کے حقوق کے لیے وزیراعظم پاکستان عمران خان پر عزم ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔