ایران میں امریکی تھنک ٹینک پر پابندی عائد

ویب ڈیسک  اتوار 25 اگست 2019
امریکی ادارہ معاشی پابندیوں کے دائرہ کار کو وسیع کرنے کے لیے کوشاں تھے۔ فوٹو : فائل

امریکی ادارہ معاشی پابندیوں کے دائرہ کار کو وسیع کرنے کے لیے کوشاں تھے۔ فوٹو : فائل

تہران: ایران نے ایک امریکی تھنک ٹینک اور اس کے سربراہ پر پابندی عائد کر دی ہے۔ 

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق ایران نے ملک میں قائم امریکا کے ایک تھنک ٹینک ’فاؤنڈیشن فار ڈیفنس آف ڈیموکریسیز‘ اور اس کے سربراہ مارک ڈوبووِٹس کو بلیک لسٹ کر دیا ہے۔ ایرانی وزارت خارجہ نے موقف اختیار کیا ہے کہ یہ ادارہ ایران کے خلاف عائد امریکی پابندیوں کے اثرات کو وسیع تر بنانے میں اہم کردار ادا کر رہا تھا۔

ایرانی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں مزید کہا گیا کہ مذکورہ ادارہ امریکی تھنک ٹینک ہے اور جعلی نام کے ساتھ کام کررہا تھا جس کا مقصد دھوکا دہی کے ذریعے ایرانی عوام، معیشت اور سیکیورٹی معاملات کو نقصان پہنچانا تھا۔

ایرانی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ یہ ادارہ ہمارے ملک میں امریکا کے مفادات کے لیے کام کرتا تھا اور ایرانی معیشت پر امریکی پابندیوں پر عمل درآمد کرانے کے لیے کوشاں تھا جس سے ایران کی معیشت کو شدید نقصان پہنچایا جا رہا تھا۔

ادھر واشنگٹن میں قائم یہ تھنک ٹینک دعویٰ کرتا ہے کہ وہ غیر جانب دار ہے اور اس کا مقصد قومی سلامتی اور خارجہ پالیسی سے متعلق تحقیق ہے اور امریکی حکومتی پالیسیوں سے ان کا کوئی لینا دینا نہیں ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔