سعودی عرب نے دو دن میں حوثی باغیوں کے 4 ڈرون حملوں کو ناکام بنادیا

ویب ڈیسک  اتوار 25 اگست 2019
جازان اور خمیس مشیط میں 24 گھنٹے کے دوران دو دو ڈرون حملے کیے گئے۔ فوٹو : سعودی پریس ایجنسی

جازان اور خمیس مشیط میں 24 گھنٹے کے دوران دو دو ڈرون حملے کیے گئے۔ فوٹو : سعودی پریس ایجنسی

ریاض: سعودی فضائیہ نے دو الگ الگ واقعات میں جازان اور  خميس مشيط میں حوثی باغیوں کے مزید 2 ڈرونز کو مار گرایا ہے اس طرح دو روز میں گرائے گئے ڈرونز کی تعداد 4 ہوگئی ہے۔

سعودی پریس ایجنسی کے مطابق سعودی فضائیہ نے بروقت ردعمل دیتے ہوئے جازان اور خمیس مشیط میں حوثی باغیوں کے دو ڈرونز کو مار گرایا ہے۔ ان حملوں میں جازان اور خمیس مشیط کی سرکاری تنصیبات کو ہدف بنانے کی کوشش کی گئی تھی۔

سعودی اتحادی فوج کے ترجمان کرنل ترکی المالکی کی جانب سے جاری بیان میں ڈرون حملوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ اتحادی فوج ملک کی سرحدوں اور تنصیبات کے دفاع کے لیے چوکنا ہے اور حملوں کو روکنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔

قبل ازیں جمعرات کو خمیس مشیط میں ایک ڈرون حملے کو ناکام بنایا گیا تھا جب کہ گزشتہ روز بھی جازان کی جانب بھیجے گئے مسلح ڈرون کو سعودی ڈیفنس نے فضا میں ہی ناکارہ بنادیا تھا۔ ان واقعات میں کسی قسم کا جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا تھا۔

واضح رہے کہ اگست کے آغاز میں متحدہ عرب امارات کی سرحد کے نزدیک قدرتی گیس کے ذخائر کے نزدیک واقع ایک پلانٹ پر حملے کے لیے 10 ڈرون بھیجے گئے تھے جنہیں فضا میں ہی ناکارہ بنادیا گیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔