عمران خان گیسٹ ہاؤس کھولنے سے پہلے عوام کو اپنی آمرانہ سوچ سے آزاد کریں، مریم اورنگزیب

ویب ڈیسک  اتوار 25 اگست 2019
ایک سال میں حکومتی اخراجات میں 1100 ارب کا اضافہ ہوا ہے، مریم اورنگزیب فوٹو: فائل

ایک سال میں حکومتی اخراجات میں 1100 ارب کا اضافہ ہوا ہے، مریم اورنگزیب فوٹو: فائل

 لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ عمران خان سرکاری گیسٹ ہاؤس کھولنے سے پہلے عوام کو اپنی آمرانہ اور فسطائی سوچ سے آزاد کریں۔

نتھیا گلی کا سرکاری گیسٹ ہاؤس عوام کے لئے کھولنے کے عمران خان کے ٹویٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان نے ملک کو نوآبادیات کی عبرتناک مثال بنایا ہوا ہے، اس ڈرامے سے مہنگائی 10 فیصد سے کم اور ترقی کی شرح 3 فیصد سے زیادہ نہیں ہوگی، ٹیکس دینے والوں کے پیسوں سے صرف ایک سال میں حکومتی اخراجات میں 1100 ارب کا اضافہ ہوا ہے۔

ترجمان مسلم لیگ (ن) کا کہنا تھا کہ عمران خان ٹیکس دینے والوں کے دکھ کا ڈرامہ نہ کریں، ٹیکس دینے والوں کا ایک کھرب میٹرو پشاور کے گڑھوں پر ضائع ہوچکا ہے، نتھیا گلی کا سرکاری گیسٹ ہاؤس کھولنے سے عوام کو روٹی ، کاروبار اور روزگار نہیں ملے گا، ایک کروڑ نوکری اور 50 لاکھ گھر نہیں ملیں گے، وزیراعظم ہاؤس کو یونیورسٹی بنانے ، انڈے، کٹے ، مرغیوں ، بکریوں سے جی ڈی پی نہیں بڑھے گا، وزیراعلیٰ ہاؤس کی دیواریں توڑنے سے آپ کی لائی ہوئی معاشی تباہی ٹھیک نہیں ہو سکے گی۔ گیسٹ ہاؤس کھولنے سے پہلے عوام کو اپنی آمرانہ اور فسطائی سوچ سے آزاد کریں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔