اسرائیل کا شام میں پاسداران انقلاب کے ٹھکانے پر فضائی حملہ، 5 افراد ہلاک

ویب ڈیسک  اتوار 25 اگست 2019
ایران ڈرون حملے کی تیاری کر رہا تھا جسے ناکام بنایا، اسرائیل کا دعویٰ (فوٹو : دائل)

ایران ڈرون حملے کی تیاری کر رہا تھا جسے ناکام بنایا، اسرائیل کا دعویٰ (فوٹو : دائل)

دمشق: اسرائیلی فوج نے شام میں ایران کے پاسداران انقلاب کے ٹھکانے پر فضائی حملے اور 5 افراد کی ہلاکت کا دعویٰ کیا ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیلی فوج نے شام میں ایران کے ایک فوجی ٹھکانے پر فضائی حملے کا دعویٰ کیا ہے۔ یہ حملہ ایران کی جانب سے اسرائیل پر ڈرون حملے کی تیاری کی انٹیلی جنس خبروں کی بنیاد پر کیا گیا۔

اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ ایران نے شام سے اسرائیل کی سرزمین پر ڈرون حملے کی سازش تیار کی تھی اور اسے عملی جامہ پہنا رہا تھا کہ اسرائیلی فضائیہ نے بروقت ردعمل دیتے ہوئے ایرانی عزائم کو ناکام بنادیا۔

شام میں برطانوی مبصر نے اسرائیلی جیٹ طیاروں کی کارروائی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ فضائی حملے میں کم از کم 5 افراد ہلاک ہو گئے تاہم ہلاک ہونے والوں کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔ یہ حملے پاسداران انقلاب کے ٹھکانوں پر کیے گئے۔

دوسری جانب پاسداران انقلاب کے کمانڈر نے اسرائیلی دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ دنیا بھر میں کہیں بھی ایران کی تنصیبات یا مقامات پر کوئی بھی حملے کی جرأت نہیں کرسکتا، پاسداران انقلاب ملک کے اندر اور ملک سے باہر سرحدوں اور مفادات کا تحفظ کرنا جانتی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔