فضل الرحمان کا اکتوبر میں اسلام آباد لاک ڈاؤن کرنے کا اعلان

ویب ڈیسک  اتوار 25 اگست 2019
اپوزیشن جماعتوں کے بھرپور اشتراک عمل کے ساتھ اسلام آباد میں یکجا ہونے کی کوششیں جاری ہیں، فضل الرحمان (فوٹو: فائل)

اپوزیشن جماعتوں کے بھرپور اشتراک عمل کے ساتھ اسلام آباد میں یکجا ہونے کی کوششیں جاری ہیں، فضل الرحمان (فوٹو: فائل)

 اسلام آباد: جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے اکتوبر میں اسلام آباد لاک ڈاؤن اور آزادی مارچ کرنے کا اعلان کر دیا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ جمعیت علماء اسلام (ف) نے اکتوبر میں اسلام آباد لاک ڈاؤن کا فیصلہ کیا ہے، پورا ملک اس حکومت کے خاتمے کے لیے اسلام آباد کی طرف مارچ کرے گا جب کہ اپوزیشن جماعتوں کے اشتراک عمل کے لیے رابطوں میں ہیں اور بھرپور اشتراک عمل کے ساتھ اسلام آباد میں یکجا ہونے کے لیے کوششیں جاری ہیں۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ انڈیا کی طرف سے کشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمے کے اقدامات نے ماحول کو خراب کیا اس صورتحال میں ہماری جماعت اور پوری قوم کشمیریوں کے ساتھ ہے، ہم سمجھتے ہیں کہ حکومت کو بھارتی اقدام کا پیشگی علم تھا کیونکہ بی جے پی کے منشور میں کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کا ذکر تھا مگر ہماری حکومت نے مجرمانہ غفلت سے کام لیا، حکومت کی مجرامانہ پالیسی کو بھی احتجاجی تحریک کا حصہ بنائیں گے۔

جے یو آئی (ف) کے سربراہ کا کہنا تھا کہ خدشہ ہے اکتوبر میں عمران خان کہیں نیویارک نہ بھاگ جائے کیونکہ جب تک یہ حکومت ہے، بچا ہوا کشمیر بھی ہم سے چلا جائے گا، انہوں نے کہا کہ ہزاروں مسلمانوں کے قاتل کوایوارڈ دینے سے مسلمانوں کی دل آزاری ہوئی، ہم امارات کی حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ مودی سے ایوارڈ واپس لے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔