کمشنر کراچی نے مہنگا دودھ بیچنے والوں کے خلاف ڈنڈا اٹھا لیا

اسٹاف رپورٹر  پير 26 اگست 2019
دودھ کا سرکاری نرخ 94 روپے ہے، مہنگا دودھ بیچنے والے کئی دکانداروںپر 75 ہزار روپے جرمانہ،کئی جیل بھیج دیے گئے
 (فوٹو: فائل)

دودھ کا سرکاری نرخ 94 روپے ہے، مہنگا دودھ بیچنے والے کئی دکانداروںپر 75 ہزار روپے جرمانہ،کئی جیل بھیج دیے گئے (فوٹو: فائل)

کراچی: کمشنر کراچی افتخار شالوانی نے شہر میں دودھ کی قیمت میں بعض دودھ فروشوں کی جانب سے از خود اضافے کی شکایت کا نوٹس لے لیا ہے۔

کمشنر کی ہدایت پر تمام ڈپٹی کمشنرز نے اپنے اپنے اضلاع میں دودھ کے سرکاری نرخ کی خلاف ورزی کر نے والوں کیخلا ف کریک ڈاؤن شروع کر دیا ہے، کمشنر نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ان دکانداروں کے خلاف بلا رعایت کارروائی کی ہدایت کی ہے جو سرکاری نرخ کی خلاف ورزی کر تے ہوئے من مانی قیمت پر دودھ فروخت کر رہے ہیں۔

کمشنر کراچی کی ہدایت پر تمام ڈپٹی کمشنرز نے اپنے اپنے ضلع میں مختلف مقامات پر جہاں دودھ کی مہنگائی کی شکایت موصول ہورہی تھی کارروائی کی ہے، ڈپٹی کمشنر شرقی احمد علی صدیقی کی نگرانی میں اسسٹنٹ کمشنرز نے ضلع شرقی کے مختلف علاقوں میں کارروائی کر کے 75 ہزار روپے جرمانہ عاید کیا ہے جبکہ ایک دکاندارکو گرفتار کر کے ایک روز کے لیے جیل بھیج دیا ہے، فیروزآباد علاقہ کے ایک دودھ فروش کو بھی جیل بھیجا گیا ہے، اس طرح دو افراد کو دودھ مہنگا فروخت کر نے پر جیل بھیجا گیا ہے۔

گلشن اقبال کے علاقہ میں ماشااللہ ملک شاپ ، ناگوری ملک شاپ اور بسم اللہ ملک شاپ کے خلا ف کارروائی کی گئی ہے دکانداروں پر جرمانہ عاید کیا گیا جبکہ بسم اللہ ملک شاپ کے ایک دکاندار کو گرفتار کر کے ایک روز کے لیے جیل کی سزا دی گئی، فیروزآباد کے علاقہ میں سیالکوٹ ملک شاپ، امبالہ ملک شاپ اور ناگوری ملک شاپ کے خلاف کارروائی کی گئی۔

تینوں پر جرمانہ عاید اور ایک کوگرفتار کیا گیا،ڈپٹی کمشنر ملیر شہزاد عباسی کی نگرانی میں ضلع ملیر میں ابراہیم حیدری اور مرادمیمن کے علاقوں میں دو دودھ فروشوں کے خلاف کارروائی کی گئی مراد میمن میں تین دودھ فروشوں کے خلاف کارروائی کی گئی اور ا ن پر پندرہ پندرہ ہزار روپے جرمانہ عاید کیا گیاکمشنر کراچی نے کہا ہے کہ دودھ کی قیمت میں کوئی اضافہ نہیں کیا گیا ہے دودھ کی سرکاری قیمت 94 روپے ہے، صارفین اضافی قیمت ادا نہ کریں۔

پریس ریلیز میں ڈپٹی کمشنر ز کے کنٹرول رومز کے نمبر جاری کیے گئے ہیں تاکہ صارفین ان پر اپنی شکایت درج کرا سکیں نمبرز مندرجہ ذیل ہیں ڈپٹی کمشنر جنوبی99205628ڈپٹی کمشنر شرقی 99230918

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔