بانڈڈ ویئر ہاؤس سے اسٹیل کوائل کی بھاری مقدار میں چوری کا انکشاف

احتشام مفتی  منگل 27 اگست 2019
کسٹمزکی چھاپہ مارٹیم نے بانڈڈ ویئر ہاؤس سے 144 میٹرک ٹن اسٹیل شیٹ ضبط کرلی۔ فوٹو: فائل

کسٹمزکی چھاپہ مارٹیم نے بانڈڈ ویئر ہاؤس سے 144 میٹرک ٹن اسٹیل شیٹ ضبط کرلی۔ فوٹو: فائل

کراچی:  ڈائریکٹوریٹ آف کسٹمزانٹیلی جنس اینڈانویسٹی گیشن کراچی نے بانڈڈ ویئر ہاؤس سے اسٹیل اینڈآئرن شیٹ کوائل کی بھاری مقدار میں چوری کوبے نقاب کرتے ہوئے درآمدکنندہ میسرز اسلام انجینئرنگ پرائیویٹ لمیٹڈ اور کلیئرنگ ایجنٹ میسرز بشریٰ انٹرپرائزز کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔

ذرائع نے ایکسپریس کوبتایاکہ ڈائریکٹرجنرل کسٹمزانٹیلی جنس زاہد کھوکھرکو خفیہ اطلاع موصول ہوئی کہ کراچی میں قائم فاطمہ بانڈڈویئرہاؤس سے درآمدہ اسٹیل کی بڑی مقدارچوری کی گئی ہے جس پران کی جانب سے ڈائریکٹرکسٹمزانٹیلی جنس کراچی عرفان جاوید کو ہدایت کی گئی کہ وہ میسرزفاطمہ بانڈڈویئرہاؤس میں رکھے گئے کنسائمنٹس کی جانچ پڑتال کرائیں۔

ایڈیشنل ڈائریکٹرعلی زمان گردیزی ودیگرانٹیلی جنس افسران پر مشتمل ٹیم نے مذکورہ بانڈڈویئرہاؤس میں رکھے گئے سامان کی جانچ پڑتال کی تواس بات کاانکشاف ہواکہ میسرزاسلام انجینئرنگ کی جانب سے 369میٹرک ٹن (51کوائل )پرائم کولڈرول اسٹیل شیٹ(میگنیٹیوٹائپ)27جون 2019 کو درآمد کرکے میسرزفاطمہ بانڈڈویئرہاؤس میں رکھے گئے تھے۔

ذرائع نے بتایاکہ میسرزاسلام انجینئرنگ کی جانب سے پرائم کولڈرول اسٹیل شیٹ کی درآمدپر ایس آراو655کی سہولت کا فائدہ اٹھاکرڈیوٹی وٹیکسوں کی چوری کی گئی اور مذکورہ درآمدکنندہ نے215میٹرک ٹن پرائم کولڈرول اسٹیل شیٹ غیرقانونی طورپر مارکیٹ میں فروخت کرکے قومی خزانے کو مجموعی طورپر ایک کروڑ16لاکھ80ہزارروپے کا نقصان پہنچایا۔

اسلام انجینئرنگ کی جانب سے 3کروڑ57لاکھ 93ہزارمالیت کے پرائم کولڈرول اسٹیل شیٹ کی کلیئرنس کے لیے ایس آراو655کی سہولت کا فائدہ اٹھاکردرآمدیکنسائمنٹ پر 2کروڑ54لاکھ85ہزارروپے کے ڈیوٹی وٹیکسزکے بجائے ایک کروڑ38لاکھ5ہزارروپے کی ادائیگی کی گئی۔

ذرائع نے بتایاکہ کسٹمز انٹیلی جنس کی چھاپہ مارٹیم نے بانڈڈویئرہاؤس میں رکھے ہوئے باقی ماندہ 144میٹرک ٹن پرائم کولڈرول اسٹیل شیٹ ضبط کرتے ہوئے میسرزاسلام انجینئرنگ کے ڈائریکٹر،کلیئرنگ ایجنٹ میسرزبشریٰ انٹرپرائزز، میسرزریکوایسوسی ایٹ (بروکر)گل احمددیوان، عبداللہ دیوان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔