کشمیر کی سوداگری... مولانا ہمت کریں

محمد عمران چوہدری  بدھ 28 اگست 2019
مولانا فضل الرحمٰن نے الزام عائد کیا کہ ’’عمران خان نے کشمیر کا سودا کردیا ہے‘‘۔ (فوٹو: فائل)

مولانا فضل الرحمٰن نے الزام عائد کیا کہ ’’عمران خان نے کشمیر کا سودا کردیا ہے‘‘۔ (فوٹو: فائل)

پاکستان کی سیاسی تاریخ کے مطالعے سے معلوم ہوتا ہے کہ مولانا فضل الرحمٰن ایک سینئر ترین سیاستدان ہیں، آپ ان چند ایک سیاستدانوں میں ہیں جن کا دامن کرپشن کے الزامات سے تقریباً صاف نظر آتا ہے۔ مولانا کو ایک طویل عرصے تک حکومتی ٹیم کا حصہ رہنے کا اعزاز حاصل ہے۔ مولانا مدمقابل کو لاجواب کرنےکی صلاحیت رکھتے ہیں۔ یہ ان دنوں کی کی بات ہے جب گزشتہ برس ملک میں الیکشن کی گہماگہمی تھی۔ ایک صحافی نے مولانا سے سوال کیا ’’آپ پانچ سال کشمیر کمیٹی کے چیئرمین رہے، آپ نے کشمیر کےلیے کیا کیا؟‘‘ مولانا نے جلال میں آکر جواب دیا کہ ’’حملہ کردوں‘‘۔ اور صحافی لاجواب ہوگیا۔

ایک ٹی وی پروگرام کے دوران آپ سے سوال کیا گیا کہ ’’آپ عمران خان کو یہودی ایجنٹ کہتے ہیں، کیا آپ ثابت کرسکتے ہیں؟‘‘ مولانا نے میزبان کو ایک تصویر دکھائی، جس میں خان صاحب لندن میں میئر کے الیکشن میں امیدوار اپنے سالے کے ہمراہ پریس کانفرنس کررہے تھے، جس کے بیک گراؤنڈ میں ایک تصویر چسپاں تھی جس پر ’’سی ایف آئی‘‘ لکھا تھا۔ جس سے مولانا نے یہ استدلال کیا تھا کہ خان صاحب یہودی ایجنٹ ہیں۔ (اب مولانا کہ یہ استدلال کتنا مضبوط ہے، اس کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ اس ثبوت کو لے کر مولانا نے خان صاحب کی نااہلی کےلیے ملک کی کسی عدالت میں کوئی درخواست دائر نہیں کی، صرف بیان بیازی ہی کرتے رہے)

مجھے مولانا اور مولانا کا ماضی اس لیے یاد آگیا کہ گزشتہ دنوں آپ نے فرمایا کہ ’’عمران خان نے کشمیر کا سودا کردیا ہے‘‘۔ ان کے بیان کے دو دن بعد بلاول بھٹو زرداری نے بھی اندرون سندھ جلسے کے دوران خطاب میں کہا ’’مودی اور خان کی سودے بازی بے نقاب کریں گے‘‘۔

میں مولانا فضل الرحمٰن کا ایک پرستار ہونے کے ناتے مولانا سے عاجزانہ درخواست کروں گا کہ ہوسکتا ہے بلاول نے جذبات میں بیان دے دیا ہو، مگر آپ تو ایک ذمے دار سیاستدان ہیں، آپ تو سوچ سمجھ کر بات کرتے ہیں، آپ تو الفاظ کی حرمت کو جانتے ہیں۔ سر اگر عمران خان نے کشمیر کا سودا کردیا ہے تو آپ خاموش کیوں ہیں؟ آپ آگے بڑھیں، عدلیہ کا دروازہ کھٹکھٹائیں، اور خان صاحب کے اس عمل پر بازپرس کیجئے۔ اگر عمران خان نے کشمیر فروخت کردیا ہے تو آپ اپنے چاہنے والوں کو لے کر اسلام آباد کی طرف مارچ کیوں نہیں کرتے؟ اور یہ تعداد کم ازکم اتنی تو ہو جتنی آپ کے یوم تاسیس پر تھی۔

آخر میں، میں مولانا سے انتہائی عاجزی سے ملتمس ہوں کہ سر اگر آپ اس موقع پر بھی صرف بیان بازی ہی کرتے رہے، قوم کے اس نقصان پر بھی آپ کی بھاگ دوڑ بیان بازی تک محدود رہی تو قوم کے اس سودو زیاں میں آپ بھی برابر کے حصہ دار ہوں گے۔

آنے والے وقتوں میں اگر مورخ یہ لکھےگا کہ ’’عمران خان نے کشمیر فروخت کردیا تھا‘‘ تو یہ بھی لکھے گا کہ نڈر اور بے باک سیاستدان مفتی محمود کا فرزند اس موقع پر صرف بیان بازی کرتا رہا۔

کہیں ایسا نہ ہو کہ آپ کے قول و افعال پر یہ حدیث نبویؐ صادق آجائے۔ تاجدار مدینہ، راحت قلب و سینہ، ہادی برحق، شافعی محشر، وجہ وجود کائنات حضرت محمدؐ کا فرمان عالیشان ہے:
’’اگر کسی جماعت اور قوم میں کوئی شخص کسی گناہ کا ارتکاب کرتا ہے اور وہ جماعت و قوم باوجود قدرت کے اس شخص کو اس گناہ سے نہیں روکتی تو ان پر مرنے سے پہلے دنیا ہی میں اللہ تعالیٰ کا عذاب مسلط ہوجاتا ہے‘‘۔

نوٹ: ایکسپریس نیوز اور اس کی پالیسی کا اس بلاگر کے خیالات سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

اگر آپ بھی ہمارے لیے اردو بلاگ لکھنا چاہتے ہیں تو قلم اٹھائیے اور 500 سے 1,000 الفاظ پر مشتمل تحریر اپنی تصویر، مکمل نام، فون نمبر، فیس بک اور ٹوئٹر آئی ڈیز اور اپنے مختصر مگر جامع تعارف کے ساتھ [email protected] پر ای میل کردیجیے۔

محمد عمران چوہدری

محمد عمران چوہدری

بلاگر پنجاب کالج سے کامرس گریجویٹ ہونے کے علاوہ کمپیوٹر سائنس اور ای ایچ ایس سرٹیفکیٹ ہولڈر جبکہ سیفٹی آفیسر میں ڈپلوما ہولڈر ہیں اور ایک ملٹی اسکلڈ پروفیشنل ہیں؛ آپ کوچہ صحافت کے پرانے مکین بھی ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔