بھارتی صحافی کی مودی سرکار پر کڑی تنقید،ایمنسٹی انٹرنیشنل کا کشمیری قیادت کی رہائی کا مطالبہ

ویب ڈیسک  منگل 27 اگست 2019
بھارت کشمیر میں فوجی طاقت استعمال کررہا ہے، ارون دھتی رائے (فوٹو : فائل)

بھارت کشمیر میں فوجی طاقت استعمال کررہا ہے، ارون دھتی رائے (فوٹو : فائل)

نئی دلی: مقبوضہ کشمیر کی کشیدہ صورتحال پر بھارتی صحافی اور انسانی حقوق کی کارکن اروندھتی رائے نے بھارتی حکومت کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا ہے جب کہ ایمنسٹی انٹرنیشنل بھارت نے اسیر سیاسی رہنماؤں کی رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔ 

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق بھارت میں انسانی حقوق کی سرگرم کارکن اور معروف صحافی اروندھتی رائے نے مودی سرکار کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ نام نہاد سیکولر بھارت اپنے ہی لوگوں کے خلاف  کئی سال سے فوج کو استعمال کرتا آ رہا ہے جبکہ پاکستان میں کبھی بھی ایسا نہیں ہوا۔

یہ خبر پڑھیں: مودی سرکار کی سفاکیت، مقبوضہ کشمیر میں شہدا کے ’ڈیتھ سرٹیفکیٹ‘ جاری کرنے سے انکار

مقبوضہ کشمیر کو قید خانہ بنانے اور مسلسل کرفیو پر اروندھتی رائے نے کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں کو ان کے گھروں میں محصور کردیا گیا ہے، سیاسی قیادت اسیر ہے، مواصلاتی نظام معطل ہیں اور معمولات زندگی 23 دنوں سے ٹھپ ہیں۔ یہ جبر کی ایک نئی قسم ہے۔

یہ خبر بھی پڑھیں: امریکی رکن پارلیمنٹ الہان عمر بھی کشمیریوں کی آواز بن گئیں

دوسری جانب ایمنسٹی انٹرنیشنل بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی کارروائیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سیاسی قیادت کو رہا کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ مقبوضہ وادی میں آزادی اظہار کو روکنا غیر قانونی ہے، مسلسل کرفیو، مواصلاتی نظام کی معطلی اور ذرائع آمد و رفت بند کرکے لوگوں کی زندگیاں اجیرن بنا دی گئی ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔