ایک انگلی کے ذریعے 200 ٹن وزنی کشتی کھینچنے کا حیرت انگیز مظاہرہ

ویب ڈیسک  بدھ 28 اگست 2019
جارجیا کے تن ساز جیورجی رستماش وِلی نے ایک انگلی سے 200 ٹن وزنی کشتی کو 16 فٹ تک کھینچا جو عالمی ریکارڈ ہے (فوٹو: بشکریہ اوڈٹی سینٹرل)

جارجیا کے تن ساز جیورجی رستماش وِلی نے ایک انگلی سے 200 ٹن وزنی کشتی کو 16 فٹ تک کھینچا جو عالمی ریکارڈ ہے (فوٹو: بشکریہ اوڈٹی سینٹرل)

جارجیا: روس کے تن ساز اور انسانی قوت کا مظاہرہ کرنے والی مشہور شخصیت جیورجی رستماش وِلی نے اپنے ایک ہاتھ کی درمیانی انگلی سے 200 ٹن وزنی کشتی کو کھینچ کر دنیا کو حیران کردیا۔ اس سے قبل بھی وہ اس طرح کے کئی مظاہرے کرچکے ہیں۔

اب ایک وائرل ویڈیو میں وہ ایک ایسی کشتی کو کھینچتے دکھائی دیتے ہیں جس پر ایک چھوٹے بحری جہاز کا گمان ہوتا ہے۔ اس کشتی کا نام ’تمارا ٹو‘ ہے جس کا وزن لگ بھگ 200 ٹن بتایا گیا ہے۔ اس کا عملی مظاہرہ انہوں نے جارجیا کی بندرگاہ باٹومی پرکیا ہے۔

اس کے لیے انہوں نے خود کو ایک آہنی سیڑھی سے جوڑے رکھا تاکہ وہ پھسل کر آگے نہ چلے جائیں۔ اس کے بعد ہمت کرکے انہوں نے کشتی کو 16 فٹ یعنی 5 میٹر کے فاصلے تک کھینچا جو ان کا ایک منفرد کارنامہ ہے۔ اس موقع پر یورپی یونین کے ایک ترجمان نے کہا کہ وہ اس سلسلے میں جلد گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ سے رابطہ کریں گے۔

توقع ہے کہ جلد ہی گنیز بک آف ورلڈ کمپنی اس ضمن میں جیورجی سے رابطہ کرے گی اور وہ جلد ہی یہ اعزاز اپنے نام کرلیں گے۔ انہوں نے اپنے فن کا مظاہرہ 25 اگست 2019ء کو کیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔