پاکستانی افسر نے سعودی عرب کا ماحولياتی ایوارڈ جیت لیا

ویب ڈیسک  بدھ 28 اگست 2019
پاکستان کے اعلیٰ سول سروس سے تعلق رکھنے والے شفقت عباس نے حیاتیاتی تنوع پر سعودی عرب کا ایوارڈ اپنے نام کرلیا ہے۔ فوٹو: فائل

پاکستان کے اعلیٰ سول سروس سے تعلق رکھنے والے شفقت عباس نے حیاتیاتی تنوع پر سعودی عرب کا ایوارڈ اپنے نام کرلیا ہے۔ فوٹو: فائل

 اسلام آباد: پاکستان کی اعلی سول سروس کے افسر شفقت عباس نے سعودی عرب ماحولياتی ایوارڈ برائے سال 2018ء اور 2019ء جیت لیا۔

شفقت عباس کچھ عرصے قبل وزارت صنعت و پیداوار میں بطور سیکشن افیسر تعینات  ہوئے ہیں۔ انہوں  نے 26ویں مڈکیریئر منیجمنٹ کورس  منعقدہ اگست تا نومبر سال 2018ء کے دوران حیاتیاتی تنوع کے عالمی ماحولياتی قانون کے اصولوں کی پاکستانی ماحولياتی قانون سازی کے مرکزی دھارے میں شموليت پر تحقیقی مقابلہ تحریر کیا تھا۔

انہوں نے مقالہ میں پاکستانی حیاتیاتی تنوع (بایو ڈائیورسٹی ) کے ماحولياتی قانون کا عالمی ماحولياتی قانون کے ساتھ تقابلی جائزہ لیا اور اپنی سفارشات مرتب کی تھیں، ان کے مقالے کو عالمی سطح پر قائم اسلامک ایجوکيشنل سائنٹیفک اینڈ کلچرل  آرگنائزیشن رباط مراکش کے زیر انتظام سعودی عریبیہ ماحولياتی ایوارڈ کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔

یہ ایوارڈ اسلامی ممالک میں ماحولياتی تحفظ کے لیے شروع کیے گیے تحقیقاتی کام، پراجیکٹس اور ماحوليات و پائیدار ترقی کے شعبوں میں بہترین  پیشہ ورانہ خدمات سرانجام  دینے پر دیا جاتا ہے۔ شفقت عباس کو مذ کورہ مقالہ تحریر کرنے پر بہترین  پبلک سیکٹر پراجیکٹ کیٹیگری میں ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔

انہیں یہ ایوارڈ مراکش کے شہر رباط میں حالیہ اکتوبر کے ماہ میں منعقد ہونے والی ماحولياتی وزراتی اسلامی کانفرنس میں دیا جائے گا۔ اس کانفرنس میں پاکستان کی نمائندگی ملک امین اسلم مشیر وزیراعظم  برائے ماحولياتی تبدیلی کریں گے۔

اس حوالہ سے رابطہ کرنے پر ایوارڈ جیتنے والے پاکستانی افیسر شفقت عباس کا کہنا تھا کہ یہ ایوارڈ پاکستان اور میرے لیے باعث اعزاز ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومتی اجازت سے وہ یہ ایوارڈ وصول کرنے رباط جائیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔