کراچی میں مون سون بارشوں کا نیا سلسلہ، کئی علاقوں میں پھر سیلابی صورتحال

ویب ڈیسک  بدھ 28 اگست 2019
 کئی علاقوں میں سیلابی صورتحال بھی پیدا ہوگئی۔ فوٹو : فائل

کئی علاقوں میں سیلابی صورتحال بھی پیدا ہوگئی۔ فوٹو : فائل

 کراچی: شہر میں شدید بارشوں کے باعث جہاں موسم خوشگوار ہوا وہیں کئی علاقوں میں نظام زندگی درہم برہم ہوگیا ہے۔ 

ایکسپریس نیوز کے مطابق کراچی میں مون سون کی بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہوگیا ہے، بارش کی وجہ سے جہاں موسم خوشگوار اور گرمی کا زور ٹوٹ گیا وہیں متعدد علاقوں میں نظام زندگی درہم برہم ہوگیا، کئی علاقوں میں سیلابی صورتحال بھی پیدا ہوگئی اور سڑکیں اور ندی نالے دریاؤں کا منظر پیش کررہی ہیں۔

گڈاپ کاٹھور اور سپر ہائی وے پر تیز بارش کے بعد سڑکوں پر برساتی ریلے کے تیز بہاؤ کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہوگئی، گلشن معمار اور اطراف کی سڑکوں پر کئی فٹ پانی جمع ہوگیا، جب کہ کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی بھی معطل ہونے کی اطلاعات ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق نارتھ ناظم آباد میں سب سے زیادہ  32 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، صدر میں 28 ملی میٹر، یونیورسٹی روڈ میں 19.8 ملی میٹر، سرجانی ٹاون میں 11.8 ملی میٹر، جناح ٹرمینل میں 8.2 ملی میٹر،  لانڈھی میں 7.5 ملی میٹر، آئیر پورٹ میں 5 ملی میٹر، پی اے ایف فیصل بیس میں 3 اور کیماڑی 2.5 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔