بجلی مہنگی ہونے سے سنیما اور آڈیٹوریم بند ہونے کا خدشہ

عمیر علی انجم  جمعرات 26 ستمبر 2013
بجلی مہنگی ہونے سے ہدایتکاروں کے حوصلے پست ہوگئے،کیپری سینما کے بل میں 6 لاکھ کا اضافہ ہوگیا،آرٹس کونسل کو ماہانہ 12 لاکھ کا بل آنے لگا ۔ فوٹو : فائل

بجلی مہنگی ہونے سے ہدایتکاروں کے حوصلے پست ہوگئے،کیپری سینما کے بل میں 6 لاکھ کا اضافہ ہوگیا،آرٹس کونسل کو ماہانہ 12 لاکھ کا بل آنے لگا ۔ فوٹو : فائل

کراچی:  بجلی کی قیمت میں اضافے کے سبب کراچی کے سینماگھراورآڈیٹوریم بند ہونے لگے۔

پاکستانی فلمی صنعت اور تھیٹر ڈرامہ گزشتہ 30 برس سے ہر ماہ وسال اپنی تباہی کی داستان رقم کرتے دکھائی دیتے ہیں،80 کی دہائی گزرنے کے بعدفلم کی تباہی کے کئی اسباب سامنے آئے ہیں ،3 دہائیاں گزرنے کے بعد پاکستان میں ایک مرتبہ پھر فلم اور تھیٹرکی تازہ ہواچل پڑی ہے شہر قائدکے کئی مقامات پر تھیٹر ڈرامے اور اسٹیج ڈرامے پیش کیے جارہے ہیں اوراس کی بحالی میں ثقافتی اداروں اورنوجوانوں نے اپنا بھرپورکردار ادا کیا ہے مگرکچھ بنیادی سہولیات کے فقدان سے ایسا محسوس ہوتا ہے کہ جیسے یہ پھول کھلنے سے قبل ہی مرجھا جائیں گے۔

کراچی شہرکاسب سے اہم ثقافتی ادارہ آرٹس کونسل نے مدت بعد نوجوانوں کو تھیٹرکا پلیٹ فارم فراہم کیا اور پے درپے نئے فنکاروں نے کئی معیاری تھیٹر ڈرامے پیش کیے لیکن حکومت نے اچانک بجلی کی قیمت میں کئی گنا اضافہ کردیا ہے جس سے فنکاروں اور ہدایت کاروں کے حوصلے پست ہوتے دکھائی دے رہے ہیں۔

جبکہ ایسا ہی ماجرہ سینما گھروں کا بھی ہے کراچی میں واقع مشہور سینما کیپری کے بجلی کے بلوں میں ماہانہ 6 لاکھ روپے کا اضافہ ہوگیا ہے جس پر کیپری سینما کے منیجر عزیزخٹک کا کہنا ہے کہ کراچی کے موجودہ حالات میں ہم عوام کوسستی تفریح فراہم کررہے ہیں۔

تاکہ لوگوں کاذہن تبدیل ہوسکے مگر بجلی کے بلوں میں کئی گناہ اضافے نے ہماری کمرتوڑدی ہے اورہم نے مشترکہ طورپریہ فیصلہ کیا ہے کہ اگربجلی کے بلوں میں کمی نہ کی گئی توکراچی کے دیگر سینماگھروں کی طرح کیپری سینما بھی بندکردیں گے جبکہ آرٹس کونسل کراچی کے صدر محمد احمد شاہ کا کہنا ہے کہ اب تک آرٹس کونسل کراچی کے تھیٹرکو ہم نے اپنی کوششوں سے بحال رکھا ہے اگراسی طرح ماہانہ 11 اور 12 لاکھ کا بل آتا رہا تو تھیٹر بندکرنے پرغورکریں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔